اڈانی گروپ کو بڑا جھٹکا، 20 ہزار کروڑ کا ایف پی او منسوخ

Feb 02, 2023 | 14:21 PM

ایک نیوز:اڈانی گروپ نے اپنے 20,000 کروڑ روپے کے ایف پی او یعنی فالو اپ پبلک آفر کو منسوخ،پیسے واپس کرنے کا اعلان کیا ہے۔

 رپورٹ کے مطابق اڈانی گروپ نے اپنے 20,000 کروڑ روپے کے ایف پی او یعنی فالو اپ پبلک آفر کو منسوخ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اڈانی انٹرپرائزز لمیٹڈ کے چیئرمین گوتم اڈانی نے کہا ہے کہ مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ کو دیکھتے ہوئے کمپنی کے بورڈ نے ایف پی او کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ گوتم اڈانی نے کہا کہ کمپنی نے یہ فیصلہ اسٹاک مارکیٹ میں زبردست ہلچل اور مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ کے پیش نظر سرمایہ کاروں کے مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایف پی او سے وصول کی گئی رقم سرمایہ کاروں کو واپس کر دیں گے اور اس سے متعلق لین دین بند کر دیں گے۔

 اڈانی گروپ کا یہ غیر معمولی فیصلہ ہنڈن برگ ریسرچ رپورٹ کے جاری ہونے کے بعد گروپ کے شیئرز میں زبردست گراوٹ کے درمیان آیا ہے۔ ہنڈن برگ کی رپورٹ نے اس گروپ پر انتہائی بے باک انداز میں حصص کے غلط استعمال اور اکاؤنٹس میں جعل سازی کا الزام لگایا ہے۔

اس رپورٹ کے جواب میں اڈانی گروپ نے ہنڈن برگ کی ساکھ اور رپورٹ کے وقت پر سوال اٹھائے ہیں۔ کمپنی نے اپنے جواب میں کہا ہے کہ یہ رپورٹ محض ایک مخصوص کمپنی پر غیر ضروری حملہ نہیں ہے بلکہ ہندوستان، ہندوستانی اداروں کی آزادی، سالمیت اور معیار پر منظم حملہ ہے۔ اڈانی گروپ نے اس رپورٹ کو ہندوستان کی ترقی کی کہانی اور بھارت کے عزائم پر حملہ قرار دیا ہے۔

اہم بات یہ ہے کہ ہنڈن برگ کی رپورٹ سامنے آنے کے بعد، اڈانی گروپ کی کمپنیوں کے حصص میں پچھلے پانچ تجارتی سیشنوں میں زبردست گراوٹ درج کی گئی ہے اور کمپنی کو اپنی کل مارکیٹ کیپٹلائزیشن میں 7 لاکھ کروڑ سے زیادہ کا نقصان ہوا ہے۔

مزیدخبریں