شیخ رشید کا اسلام آباد کے پولی کلینک ہسپتال میں طبی معائنہ

Feb 02, 2023 | 14:05 PM

ایک نیوز: گرفتاری کے بعد شیخ رشید کا طبی معائنہ۔ اسلام آباد پولیس سربراہ عوامی مسلم لیگ کو لیکر پولی کلینک پہنچی جہاں ان کا طبی معائنہ کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد پولیس شیخ رشید کو لیکر پولی کلینک پہنچی جہاں ان کا  شعبہ ایمرجنسی میں معائنہ  کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق شیخ رشید احمد کا بلڈ سیمپل لیا گیا ہے  جبکہ ان کی ای سی جی اور  یورین ٹیسٹ کے نمونے لے بھی لئے گئے۔

ذرائع  کے مطابق شیخ رشید نے یورین سیمپل دینے سے ایک بار پھر انکار کیا ۔ ڈاکٹر اور پولیس عملے کی درخواست پر دوبارہ یورین دیا ۔ذرائع کے مطابق  شیخ رشید کا بلڈ پریشر ،نبض کی رفتار، دل کی دھڑکن سمیت شوگر چیک کی گئی۔ سربراہ عوامی مسلم لیگ کی میڈیکل رپورٹ پولیس کے حوالے کی جائے گی۔

شیخ رشید کا اس موقع پر کہنا تھا کہ شیخ رشید شہباز شریف کی سیاسی موت ہے۔ 15 فروری کے بعد سیاسی صورتحال بدل جائے گی۔ مجھے ساری رات سخت ترین سردی میں بٹھایا اور سونے بھی نہیں دیا۔  

انہوں نے مزید کہا کہ انہیں گرفتار کرنے والی تمام حکومتوں کا خاتمہ ہوا ہے۔ چاہے وہ حکومت ایوب خان، یحییٰ، بھٹو یا نواز شریف کی ہو۔ سب ختم ہوئی ہیں۔ شہباز شریف تمہارے دن بھی گنے جاچکے ہیں۔ ان کو خوف ہے کہ ان کی حکومت جارہی ہے۔ 

واضح رہے کہ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیرداخلہ شیخ رشید مری موٹروے سے پنڈی پولیس کے ہاتھوں گرفتار، گرفتاری کے بعد اسلام آباد کے تھانہ آبپارہ منتقل کردیا گیا۔

بعد ازاں پولیس کی جانب سے شیخ رشیدکو اسلام آباد کے تھانہ آبپارہ سے  میڈیکل کیلئے پولی کلینک اسپتال منتقل کیا گیا۔

پولیس حکام کا دعویٰ ہے کہ شیخ رشید نشے کی حالت میں تھے، شیخ رشید کے پاس سے مہنگے برانڈ کی شراب برآمد ہوئی ہے۔

پولیس کے مطابق شیخ رشید کے قبضے سے ایم 4 رائفل، کلاشنکوف اورآٹومیٹک گن بھی برآمد کی گئی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ شیخ رشید کے خلاف آبپارہ تھانے میں مقدمہ درج ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق شیخ رشید نے الزام لگایا ہے کہ آصف زرداری نے عمران خان کو مروانے کیلئے دہشتگردوں کی خدمات حاصل کرلی ہیں، جس کا مقصد آصف زرداری کو بدنام کرنا ہے۔

ذرائع کے مطابق شیخ رشید کےخلاف آب پارہ تھانے میں  پی پی راولپنڈی ڈویژن کے صدر راجہ عنایت الرحمان کی درخواست پرمقدمہ درج کیا گیا تھا۔

مزیدخبریں