ایک نیوز: اداروں کیخلاف اکسانے اور بغاوت کے کیس میں پی ٹی آئی رہنما پر 11 فروری کو فردجرم عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں رہنما تحریک انصاف شہبازگِل کیخلاف اداروں کو اکسانے اور بغاوت کے کیس کی سماعت ہوئی۔
شہباز گل عدالت میں پیش ہوئے جبکہ عماد یوسف کی جانب سے طبی بنیادوں پر استثنی کی درخواست دائر کردی گئی۔ اسپیشل پراسیکیوٹر رضوان عباسی عدالت میں پیش ہوئے۔
دوران سماعت شہباز گل نے کہا کہ آج کل بہت حساس کیسز چل رہے ہیں۔ جس پر عدالت نے استفسار کیا کہ کیا آپ کا کیس حساس نہیں ہے؟ اس پر شہباز گل کا کہنا تھا کہ آج کل میں کیسز میں بہت خود کفیل ہوں کیونکہ لاہور ،پشاور اور کوئٹہ میں بھی کیسز کا سامنا کر رہا ہوں۔ پٹرول کا ریٹ بہت زیادہ ہو گیا ہے تاریخ لمبی دے دیں۔
سپیشل پراسیکیوٹر نے عدالت سے استدعا کی کہ فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی کا آغاز کیا جائے۔ اس پر شہباز گل کا کہنا تھا کہ میرے کیس میں کروڑوں روپے خرچ کیے جا چکے ہیں اور میرے بھی لاکھوں روپے لگ چکے ہیں۔ عدالت نے اپنے ریمارکس میں شہباز گل کو کہا کہ آپ کا سپیشل پراسیکیوٹر پر اعتراض ہے تو وہ اپر فورم پر چل رہا ہے۔ اس پر شہباز گل کا کہنا تھا کہ رانا ثناءاللہ صاحب کی مثال موجود ہے جن پر تین سال تک فرد جرم عائد نہیں ہو سکی۔ اس پر عدالت نے شہباز گل کو ایسی بات کرنے سے روکتے ہوئے محتاط رہنے کی ہدایت کردی۔
عدالت نے 11 فروری کی تاریخ فرد جرم عائد کرنے کیلئے مقرر کر دی۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر عماد یوسف کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔ کیس کی مزید سماعت 11 فروری تک ملتوی کردی گئی۔