ایک نیوز: امریکی کرنسی کے مقابلے میں روپے کی قدر دوبارہ گرنے لگی۔ ڈالر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔ شہباز شریف دور حکومت میں ڈالر اب تک 89 روپے 7 پیسے مہنگا ہوچکا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کاروباری ہفتے کے چوتھے روز (جمعرات) انٹربینک میں ڈالر ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔ انٹر بینک میں کاروبار کے اختتام پر ڈالر 2 روپے 53 پیسے مہنگا ہوا، جس کے بعد امریکی کرنسی کی قدر 268.83 سے بڑھ کر 271.36 روپے ہوگئی۔
دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں ڈالر 276 روپے پر فروخت ہو رہا ہے ۔
واضح رہے کہ شہباز شریف کے دور حکومت ( 10 ماہ ) میں ڈالر اب تک 89 روپے 7 پیسے تک مہنگا ہوچکا ہے۔ عمران خان دورحکومت کے آخری روز تک ڈالر 186 روپے 28 پیسے کا تھا۔
ادھر اسٹاک ایکسچینج میں مثبت رجحان دیکھنے میں آیا جہاں 100 انڈیکس 113 پوائنٹس اضافے کے بعد 40 ہزار 733 کی سطح پر بند ہوا۔