پاکستانی نژاد آسٹریلوی کھلاڑی عثمان خواجہ کو آخر بھارتی ویزا مل گیا

Feb 02, 2023 | 11:46 AM

Hasan Moavia

ایک نیوز: پاکستانی نژاد آسٹریلوی کھلاڑی عثمان خواجہ کو  بھارتی ویزا مل گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق بھارت کی جانب سے ویزا کے اجرا کے بعد آسٹریلین کرکٹ ٹیم کے ٹاپ آرڈر بلے باز کو بالآخر بھارتی دورے کے لیے سکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔کرکٹ آسٹریلیا کا کہنا ہے ویزا کے اجرا کا انتظار کرنے کے بعد عثمان خواجہ نے شیڈول کے ایک روز بعد میلبرن سے بھارت کی فلائٹ لی۔آسٹریلیا کے 18 رکنی سکواڈ کے دیگر اراکین بنگلور میں تربیتی کیمپ میں شرکت کے لیے منگل اور بدھ کو  بھارت پہنچے تھے۔ عثمان خواجہ نے بھارت روانگی کی اطلاع سوشل میڈیا پر ایک تصویر شیئر کرکے کی۔ کرکٹر نے پیغام میں لکھا کہ 'انڈیا میں آرہا ہوں'۔


واضع رہے کہ یہ پہلی بار نہیں ہوا ہے کہ عثمان خواجہ کو بھارت کے دورے کے لیے ویزا کے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا۔ 2011 میں بھی آسٹریلیا کے ٹاپ آرڈر بلے باز نے سوشل میڈیا پر بتایا تھا کہ انہیں بھارت میں داخل ہونے کی اجازت  اس لیے نہیں دی گئی کیونکہ وہ پاکستان میں پیدا ہوئے تھے۔ عثمان خواجہ نے سوشل میڈیا پر ایک میم پوسٹ کرتے ہوئے ’سٹرینڈڈ، ڈونٹ لیو می اور اینی ٹائم ناؤ‘ کے ہیش ٹیگ کے ساتھ موجودہ صورت حال کی جانب اشارہ کیا تھا۔ عثمان خواجہ نے 2011 میں ڈیبیو کرنے کے بعد سے  56 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل کیریئر کے دوران بھارت کی سرزمین پر ایک بھی میچ نہیں کھیلا لیکن عثمان خواجہ بھارت میں کرکٹ کے وائٹ بال فارمیٹس کھیل چکے ہیں۔
عثمان خواجہ تین سال کے بعد گذشتہ سال جنوری میں انگلینڈ کے خلاف ایشز سیریز جیتنے کے بعد مسلسل آسٹریلیا کی ٹیم کا حصہ رہے ہیں۔ عثمان خواجہ نے سڈنی ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں سینچریاں سکور کی تھی اور  اس کے علاوہ مزید تین سینچریاں بنائی ہیں جن میں گذشتہ ماہ سڈنی میں جنوبی افریقہ کے خلاف ناقابل شکست 195 رنز  اور 11 دیگر میچوں میں پانچ نصف سینچریاں شامل تھی۔
بھارت کے خلاف چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز 9 فروری  کو ناگ پور میں شروع ہو رہی ہے۔ دوسرا ٹیسٹ نئی دہلی میں 17 فروری، تیسرا یکم مارچ کو دھرم شالہ میں اور آخری ٹیسٹ نو مارچ کو احمد آباد میں کھیلا جائے گا۔

مزیدخبریں