ایک نیوز: پاکستان مسلم لیگ ن کو بڑا جھٹکا۔ اہم لیگی رہنما نے پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کو دیوار سے لگانے کی خواہاں امپورٹڈ حکومت کی بڑی جماعت حکومت میں ہونے کے باوجود بکھرنے لگی۔ نون لیگ کے مرکزی سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی کے استعفیٰ کے بعد نون لیگ کے منتخب اراکین پارلیمان بھی ساتھ چھوڑنے لگے۔
جڑانوالہ سے نون لیگ کے ٹکٹ پر منتخب رکنِ صوبائی اسمبلی رائے حیدر علی خان نے شریفوں سے ناطہ توڑ لیا۔ رکنِ صوبائی اسمبلی رائے حیدر علی خان نے ساتھیوں سمیت پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا باضابطہ اعلان کردیا۔
بتایا گیا ہے کہ رائے حیدر علی خان پی پی 101 جڑانوالہ سے پنجاب اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تھے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ عمران خان کی سیاست کا جواب ننگی جارحیت اور فسطائیت سے دیا جارہا ہے۔ عمران خان قوم کا انتخاب ہیں، انتقام کا نشانہ بنا کر قوم کی توہین کی جارہی ہے۔ مشکلات سے نکل کر ترقی کی راہ پر چلتی معیشت کو ہفتوں، عشروں میں تباہی کے گھاٹ اتار دیا گیا۔ ملک کو مزید تباہی کے گھاٹ اتارنے کی بجائے فوری عام انتخابات کے ذریعے عوام کو فیصلے کا حق دیا جائے۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے رائے حیدر علی خان کی ساتھیوں سمیت تحریک انصاف میں شمولیت کا خیر مقدم کیا ہے۔