ایک نیوز: پشاور دھماکے کے بعد پولیس میں اکھاڑ پچھاڑ کرتے ہوئے ڈی آئی جی سی ٹی ڈی کو عہدے سے ہٹادیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پشاور دھماکے کے بعد ڈی آئی جی سی ٹی ڈی جاویداقبال کو عہدے سے ہٹا کر ان کا تبادلہ اسپیشل برانچ میں کردیا گیا اور سہیل خالدکو ڈی آئی جی سی ٹی ڈی خیبرپختونخوا کا اضافی چارج تفویض کیا گیا ہے۔
زاہد مروت کو ڈی پی او چارسدہ اور آصف گوہر کو ایس پی اسپیشل برانچ مقرر کردیا گیا ہے۔
تقرر وتبادلوں میں چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کو بھی تبدیل کردیا گیا جب کہ امداد اللہ بوسل نئے چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا تعینات کیے گئے ہیں۔
دوسری جانب پشاور پولیس لائنز دھماکے کے مقام سے خودکش حملہ آور کے جیکٹ کا حصہ مل گیا ، ساتھ ہی بم ڈسپوزل یونٹ کو دھماکے کی جگہ سے بال بیرنگ بھی ملے ہیں۔
بی ڈی یو کے مطابق دھماکے میں 12 سے 14 کلو بارود استعمال کیا گیا تاہم مسجد کی عمارت گرنے سے زیادہ اموات ہوئیں۔