انتخابات سے قبل سیکیورٹی اداروں سے مشاورت کی جائے: گورنر کے پی کے

Feb 02, 2023 | 09:42 AM

Hasan Moavia

ایک نیوز:گورنرخیبرپختونخوانے چیف الیکشن کمشنرکو خط میں تجویز دی ہےکہ صوبے میں الیکشن کی تاریخ رکھنے سے قبل قانون نافذ کرنے  والے اداروں اور  دیگر  متعلقہ اداروں  سے مشاورت کرلیں۔

رپورٹ کے مطابق خیبر پختوانخوا اسمبلی کے لیے پولنگ کی تاریخ دینے کےحوالے سے الیکشن کمیشن کے خط کے جواب میں گورنر خیبر پختوانخوا حاجی غلام علی نے چیف الیکشن کمشنر کو جوابی خط لکھا جس میں انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں دہشت گرد حملوں اور امن و امان کی خطرناک صورت حال پیدا ہو گئی ہے۔

حاجی غلام علی کا کہنا تھا کہ کے پی کے میں جنرل الیکشن کی تاریخ مقرر کرنے سے قبل الیکشن کمیشن متعلقہ اداروں ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور  سیاسی جماعتوں سے مشاورت کرے تاکہ کے پی کے میں  پرامن، صاف اور شفاف انتخاب کو یقینی بنایا جاسکے۔

خط کے حوالے سے  عمران خان کی تنقید کے جواب میں گورنرخیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ کیا یہ بری بات ہےکہ الیکشن کمیشن قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مشاورت کرے؟الیکشن کمیشن کو کہاہے کہ موجودہ حالات میں مشاورت کرے۔ گورنرخیبرپختونخوا کا کہنا تھاکہ کوئی سیاسی جماعت یہ نہیں کہتی کہ الیکشن نہ کروائیں، الیکشن کمیشن کو اختیار ہے سب سے مشاورت کرکے فیصلہ کرے اور  ذاتی رائے ہے کہ الیکشن کروائے جائیں  لیکن مشاورت کرکے کروائے جائیں۔

مزیدخبریں