وفاقی کابینہ نے انتہا پسندی کی روک تھام  کیلئے  قومی پالیسی بنانے کی منظوری دیدی 

وفاقی کابینہ نے انتہا پسندی کی روک تھام  کیلئے  قومی پالیسی بنانے کی منظوری دیدی 
کیپشن: The federal cabinet approved the creation of a national policy for the prevention of extremism

ویب ڈیسک:وفاقی کابینہ نے وزارت داخلہ کی سفارش پر پُرتشدد انتہا پسندی کی روک تھام کیلئے  قومی پالیسی 2024 کی منظوری دے دی۔

اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا، جس پر مختلف منصوبوں اور سفارشات کی منظوری دی گئی۔

اعلامیہ کے مطابق وفاقی کابینہ نے وزارت تجارت کی سفارش پر مونو سوڈیم گلوٹامیٹ (اجینو موتو) کی درآمد پر پابندی اٹھانے کے سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلے پر نظر ثانی درخواست دائر کرنے کی منظوری دے دی۔

اعلامیہ کے مطابق یہ فیصلہ ماہرین کی خصوصی کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں کیا گیا ہے جو کہ وزیراعظم آفس کی ہدایت پر مونو سوڈیم گلوٹامیٹ کی انسانی صحت پر اثرات کو جانچنے کے حوالے  سے بنائی گئی تھی۔

کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں مونو سوڈیم گلوٹامیٹ کو انسانی صحت کیلئے محفوظ قرار دیا ہے،کمیٹی میں پاکستان سائینٹیفک اینڈ انڈسٹریل ریسرچ، نیشنل ایگریکلچر ریسرچ سینٹر ، نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی ، انسٹی ٹیوٹ آف فوڈ اینڈ نیوٹریشنل سائنسز، وفاقی وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق ، پاکستان اسٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی اور سرمایہ کاری بورڈ کے نمائندگان شامل تھے۔

اس کے علاوہ وفاقی کابینہ نے وزارت وفاقی تعلیم و فنی تربیت کی سفارش پر یونیورسٹی آف کیمبرج ، سینٹ انٹونیز کالج یونیورسٹی آف آکسفورڈ، یونیورسٹی آف جارڈن، پیکنگ یونیورسٹی چین ، یونیورسٹی آف ہائیڈل برگ، جرمنی میں پاکستان چئیرز کے حوالے سے مفاہمتی یادداشتوں کی تجدید کی منظوری دی۔ 

وفاقی کابینہ نے وزارت وفاقی تعلیم و فنی تربیت کی سفارش پر سینٹر آف ایکسیلنس، یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی، لاہور کے بورڈ آف گورنرز میں ڈاکٹر حبیب الرحمان اور ڈاکٹر کامران انصاری کی بطور سبجیکٹ ایکسپرٹس نامزدگی کی منظوری دے دی۔

وفاقی کابینہ نے وزارت وفاقی تعلیم و فنی تربیت کی سفارش پر سینٹر آف ایکسیلنس ان منرالوجی، یونیورسٹی آف بلوچستان، کوئٹہ کے بورڈ آف گورنرز میں ڈاکٹر ممتاز محمد شاہ اور ڈاکٹر محمد احمد فاروقی کی بطور سبجیکٹ ایکسپرٹس نامزدگی کی منظوری دے دی۔

وفاقی کابینہ نے وزارت داخلہ کی سفارش پر اسلام آباد سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے قیام کے حوالے سے تجویز کی اصولی منظوری دی جبکہ وفاقی کابینہ نے وزارت داخلہ کی سفارش پر نیشنل پریوینشن آف وائلینٹ ایکسٹریمزم پالیسی 2024 کی منظوری دے دی۔

اعلامیہ کے مطابق وفاقی کابینہ نے وزارت قانون و انصاف کی سفارش اور سندھ ہائیکورٹ ، کراچی کے احکامات کی روشنی میں اسپیشل کورٹس کی حدود/دائرہ کار میں تبدیلی کی منظوری دے دی۔

وفاقی کابینہ نے وزارت قانون و انصاف کی سفارش پر اور بلوچستان ہائی کورٹ ، کوئٹہ کے احکامات کی روشنی میں  سپیشل کورٹس (کسٹمز، ٹیکسیشن اینڈ اینٹی اسمگلنگ) کوئٹہ اور خضدار کے دائرہ کار میں تبدیلی کی منظوری دے دی۔

وفاقی کابینہ نے وزارت قانون و انصاف کی سفارش اور پشاور ہائیکورٹ، لاہور ہائیکورٹ ، اسلام آباد ہائیکورٹ، سندھ ہائی کورٹ کراچی، بلوچستان ہائی کورٹ کے احکامات کی روشنی میں ایڈیشنل سیشن ججز اور دوسری متعلقہ عدالتوں کو لائیرز ویلفیئر اینڈ پروٹیکشن ایکٹ 2023 کے تحت مقدمات سننے کا اختیار دینے کی منظوری دے دی۔