الخدمت فاؤنڈیشن کی خصوصی افرادکے عالمی دن پرتقاریب 

Dec 02, 2023 | 22:12 PM

ایک نیوز : الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت خصوصی افراد کے عالمی دن کی مناسبت سے ملک بھر میں تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔

 خصوصی افراد کے عالمی دن کی مناسبت سےمنصورہ  لاہور میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں 50 معذور افراد کو ویل چیئرز اور 50 نابینا افراد کو سفید چھڑی   سمیت پوزیشن ہولڈر خصوصی طلبہ و طالبات میں انعامات تقسیم کئے گئے۔

تقریب میں جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل امیر العظیم، نائب صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان ذکراللہ مجاہد، صدر وسطی پنجاب اکرام الحق سبحانی، صدر لاہور کے صدر انجینئر احمد حماد رشید، سیکرٹری جنرل ڈاکٹر اعجاز نزیر اور دیگر ذمہ داران نے خصوصی شرکت کی۔

تقریب میں معذور افراد کی فلاح و بہبود کےلیے کے کام کرنے والے دیگر اداروں حمزہ فاؤنڈیشن، رائزنگ سن، بلائنڈ ڈیلی ویجر یونین، رائٹ آف اسپیشل پرسن، روشنی فاؤنڈیشن اور فرینڈز آف پیرا پلیجک کے نمائندگان نے بھی شرکت کی۔ 
 امیر العظیم نے کہا کہ آج کا دن اِس  عزم  کی دعوت دیتا ہے  کہ ہم اپنے  تمام مراکز کو خصوصی افراد کےلیے فرینڈلی بنائیں۔  معاشرے کا ہر خصوصی  فرد  ہماری ذمہ داری ہیں اور ان لوگوں کے حقوق ہم پر فرض ہیں۔معذوروں کی فلاح و بہبود کےلیے کام کرنے والے  تمام اداروں کو ایک پلیٹ فارم پر اکھٹے ہو کرخصوصی افراد کے لیے نا صرف   پہلے سے موجود  قانون سازی پر عملدرآمد کرانے کے لیے کام کرنا چاہیے بلکہ مزید اصلاحات کے لیے کوشش کرنی چاہیے ۔

الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے نائب صدر  زکر اللہ مجاہد کاکہنا تھاکہ پاکستان میں معذور افراد کی تعداد 2 کروڑ 70 لاکھ سے زائد  ہے۔ ایسے افراد کی مشکل کو کم کرنے کے لئے الخدمت ہر سال سماجی خدمات پروگرام کے تحت ہزاروں ویل چیئرز فراہم کرتی ہے۔اس پروگرام کے تحت رواں سال الخدمت فاؤنڈیشن نے ملک بھر میں 7 ہزار ویل چیئرز فراہم کیں جبکہ 2012 سے اب تک تقریباَ 37 ہزار سے زائد ویل چیئرز تقسیم کی جاچکی ہیں۔

الخدمت فاؤنڈیشن وسطی پنجاب کے صدر اکرام الحق سبحانی نے کہا کہ یہ دن منانے کا مقصد معاشرے کے تمام شعبوں میں معذور افراد سے اظہار یکجہتی کرنا، انھیں درپیش مسائل کواُجاگر کرنا، ان کے حقوق اور فلاح و بہبود کو فروغ دینا، ان کی افادیت پر زور ڈالنا اور انھیں کسی بھی طرح کے احساسِ کمتری سے بچاکر عام افراد کی طرح زندگی گزارنے کا حوصلہ دینا ہے۔پروگرام کے آخر میں خصوصی افراد سے یکجہتی کے لیے آگاہی واک کا اہتمام بھی کیا گیا۔ اِس موقع پر خصوصی افراد نے الخدمت فاؤنڈیشن کا شکریہ ادا کیا ۔

مزیدخبریں