ویب ڈیسک:چلاس میں مسافر بس پر مسلح افراد نے فائرنگ کردی جس کے باعث بس میں آگ بھی بھڑک اٹھی، حادثے میں 8 افراد جاں بحق اور 26 زخمی ہوگئے۔
چلاس میں شاہراہ قراقرم ہوڈر کے مقام پر مسافر بس پر مسلح افراد نے فائرنگ کردی، فائرنگ کے باعث بس ٹرک سے ٹکراگئی، فائرنگ اور ٹکر کے بعد بس میں آگ لگ گئی، جس کے نتیجے میں 8افراد جاں بحق اور 26 زخمی ہوگئے۔مسافروں کا تعلق کوہستان، پشاور، غذر، چلاس، اسکردو اور سندھ سے ہے۔
ڈپٹی کمشنر دیامر عارف خان کے مطابق شاہراہ قراقرم پر بزدلانہ کارروائی کی گئی۔
ڈائریکٹر ہیلتھ شکیل خان نے بتایا کہ فوری طور پر لاشوں اور زخمیوں کو چلاس لایا گیا، حادثے میں 26 افراد زخمی ہوئے ہیں، لاشوں کو سرد خانے منتقل کردیا گیا ہے۔
گلگت بلتستان کے وزیرداخلہ شمس لون نے معاونین خصوصی کےہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئےکہا کہ چلاس کے قریب مسافر بس پر فائرنگ کھلی دہشت گردی ہے۔دہشت گردی کے مرتکب حملہ آوروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائےگا، دہشت گردی کے واقعے میں بھارت کے ہاتھ کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جاسکتا۔