ایک نیوز: محکمہ صحت پنجاب کا کہنا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران لاہور سمیت صوبے بھرمیں 77 نئے مریضوں میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سیکرٹری ہیلتھ علی جان خان کا کہنا ہے کہ رواں سال پنجاب کے 36 اضلاع میں ڈینگی کے 14335 کنفرم مریض رپورٹ ہوئے ہیں، رواں سال لاہور میں ڈینگی کے 6541 کنفرم مریض رپورٹ ہوئے تھے جبکہ گذشتہ روز 47 نئے مریض سامنے آئے ہیں۔
رواں سال راولپنڈی میں ڈینگی کے کل 2631 مریض رپورٹ ہوئے، گذشتہ روز 5 نئے مریضوں میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی، گوجرانوالہ میں رواں سال ڈینگی کے کل 1522 مریض رپورٹ ہوئے اور گذشتہ روز 10 نئے ڈینگی مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے۔
ملتان میں رواں سال ڈینگی کے کل 1369 مریض رپورٹ ہوئے جبکہ گذشتہ روز 4 نئے ڈینگی مریضوں کی تصدیق ہوئی، رواں سال فیصل آباد میں ڈینگی کے کل 847 مریض جبکہ گذشتہ روز 5 نئے ڈینگی مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے۔
گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران شیخوپورہ میں 4 اور اوکاڑہ میں ڈینگی کے دو نئے مریض سامنے آئے، قصور، نارووال، سرگودھا، خانیوال، ڈیرہ غازی خان اور جھنگ میں ڈینگی کا ایک ایک نیا مریض سامنے آیا ہے۔
پنجاب بھر کے ہسپتالوں میں اس وقت ڈینگی کے کل 128 مریض زیرعلاج ہیں، ضلع لاہور کے ہسپتالوں میں اس وقت ڈینگی کے کل 91 مریض زیرعلاج ہیں ۔
سیکرٹری ہیلتھ علی جان خان کا کہنا ہے کہ ڈینگی سے بچنے کے لئے شہری اپنے ماحول کو صاف اور خشک رکھیں، ڈینگی کی روک تھام کے لئے شہری محکمہ صحت کی ٹیموں سے تعاون کریں، ڈینگی بخار کے علاج ، معلومات یا شکایات کے لئے محکمہ صحت کی فری ہیلپ لائن 1033 پر رابطہ کریں۔