ویب ڈیسک:عالمی سطح پر ملیریا کے کیسز کی تعداد میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور ایسا موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث ہو رہا ہے۔
یہ بات عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی جانب سے جاری رپورٹ میں بتائی گئی۔
عالمی ادارے کے مطابق 2022 میں دنیا بھر میں ملیریا کے 24 کروڑ 90 لاکھ کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 2021 میں یہ تعداد 24 کروڑ 40 لاکھ تھی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ ملیریا کے 94 فیصد کیسز (23 کروڑ 30 لاکھ) افریقا میں سامنے آئے جبکہ پاکستان بھی ان ممالک میں شامل ہے جہاں یہ بیماری بہت زیادہ تیزی سے پھیل رہی ہے۔
ڈبلیو ایچ او کی جانب سے موسمیاتی تبدیلیوں کی روک تھام کے لیے اقدامات پر زور دیا گیا تاکہ مچھروں سے پھیلنے والی اس بیماری کے کیسز کم ہوسکیں۔
عالمی ادارہ صحت نے کہا کہ سیلاب اور درجہ حرارت میں اضافے سے مچھروں کی نشوونما بڑھ رہی ہے جس کا نتیجہ ملیریا کے کیسز میں اضافے کی شکل میں نکل رہا ہے۔