ایک نیوز نیوز:سعودی عرب نے پاکستانی معیشت میں ایس ایف ڈی کے ذریعے تعاون کے لیے اسٹیٹ بینک میں 3 ارب ڈالر ڈپازٹ کی مدت میں توسیع کردی۔
تفصیلات کے مطابق خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز (حفظہ اللہ) کی ہدایات پر عمل درآمد کرتے ہوئے سعودی فنڈ برائے ترقی (ایس ایف ڈی) نے مملکت سعودی عرب کے فراہم کردہ اور بینک دولت پاکستان میں ڈپازٹ کیے ہوئے 3 ارب ڈالر کی مدت میں توسیع کردی۔ ڈپازٹ کی مدت میں یہ توسیع مملکت سعودی عرب کی حکومت کی طرف سے اسلامی جمہوریہ پاکستان کے ساتھ تعاون کا تسلسل ہے کیونکہ اس ڈپازٹ کا مقصد بینک میں زرِ مبادلہ ذخائر بڑھانا اور کووڈ-19 کی عالمی وبا کے اقتصادی اثرات کا مقابلہ کرنے میں پاکستان کو مدد دینا ہے۔ نیز ڈپازٹ کی اس رقم نے بیرونی شعبے کے چیلنجوں کو پورا کرنے اور ملک کی پائیدار معاشی ترقی کے حصول میں بھی مدد دی ہے۔
یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ 3 ارب ڈالر ڈپازٹ کے معاہدے پر دستخط سعودی فنڈ برائے ترقی کے ذریعے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ساتھ گذشتہ سال 2021ء نومبر میں کیے گئے تھے جس کے لیے شاہی فرمان جاری کیا گیا تھا جو دونوں ملکوں کے مابین قریبی تعلقات کے تسلسل کا عکاس ہے۔