لاہور: پی ایچ اےپارکس میں مستحق افراد کو تقریبات پر رعایت دی جائے گی، اسلم اقبال

Dec 02, 2022 | 14:46 PM

ایک نیوز نیوز: سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے اپنے ایک بیان میں پی ایچ اے پارکس تقریبات پر مستحقین کو ڈسکاؤنٹ دینے کا اعلان کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت 90شاہراہ قائد اعظم پر اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈی جی پی ایچ اے نے شجر کاری پلان 2022ء کے مقررہ اہداف کے حصول کے بارے میں بریفنگ دی۔ 

اجلاس میں پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی کا ریونیو بڑھانے کے لئے متعدد اہم فیصلے بھی کئے گئے۔ شاپ بورڈز کی درجہ بندی اوربار کوڈنگ کی جائے گی جبکہ بل بورڈز کے حوالے سے ضروری قانون سازی کی جائے گی۔ طے شدہ پالیسی کا اطلاق پنجاب کے تمام پی ایچ ایز پر ہوگا اورٹیکس بیس کو بڑھایا جائے گا۔

سینئر صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ایچ اے لاہور ہر سال ڈیڑھ ارب روپے ریونیو اکھٹا کرتا ہے، اسے 8ارب تک بڑھایا جا سکتا ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ پی ایچ اے کے پارکوں اور گراؤنڈز میں شادی کی تقریبات کے لئے غریبوں اور بیواؤں کو خصوصی ڈسکاؤنٹ دیا جائے اور ٹیکسوں کی وصولی میں کسی کو ناجائز تنگ نہ کیا جائے۔ اگر کوئی افسریا اہلکار بدعنوانی کا مرتکب ہوا تو اس کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی ہوگی۔ 

سینئر صوبائی وزیر نے شجرکاری پلان کے تحت لگائے گئے پودوں کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ شجرکاری پلان 2022ء کے اہداف کا حصول یقینی بنایا جائے۔ 

سیکرٹری ہاؤسنگ واربن ڈویلپمنٹ مجتبیٰ کرامت،وائس چیئرمین پی ایچ اے حافظ ذیشان، ڈی جی پی ایچ اے، اربن یونٹ، انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ اور پی ایچ اے کے افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔

مزیدخبریں