امریکی شہری نے پاکستانی شہریت مانگ لی

Dec 02, 2022 | 11:30 AM

Hasan Moavia

ایک نیوز نیوز: پشاور میں مقیم امریکی شہری نے پاکستانی شہرت لینے کیلئے عدالت سے رجوع کر لیاہے۔  

رپورٹ کے مطابق پشاور میں مقیم امریکی شہری نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ اس نےاسلام قبول کر کے پاکستانی خاتون سے شادی کی ہے۔ اس لیے اسے پاکستانی شہریت دی جائے۔   امریکی شہری نے پشاور ہائی کورٹ میں رٹ پٹیشن دائر کی جس میں  حکام سے درخواست کی گئی کہ پاکستانی خاتون شہری سے شادی کی وجہ سے اسے بھی پاکستانی شہریت دی جائے۔
درخواست امریکی شہری اور ان کی اہلیہ کی جانب سے سیف اللہ محب کاکا خیل ایڈووکیٹ نے دائر کی ہے۔
ایڈوکیٹ سیف اللہ محب کاکا خیل کا کہناہے کہ امریکی شہری نے 2020 میں پاکستانی خاتون سے شادی کی تھی اب انکی ایک بیٹی بھی ہے۔ میاں بیوی کراچی میں کچھ عرصہ رہنے کے بعد اب پشاور منتقل ہوگئے ہیں۔
عدالت سے استدعا کی گئی کہ امریکی شہری اسلام قبول کرچکا ہے اور اس نے پاکستانی شہری سے شادی بھی کی ہے وہ اب  پاکستانی شہریت حاصل کرنا چاہتا ہے تاکہ وہ حج اور عمرہ کے فرائض ادا کر سکے۔
 پاکستان سٹیزن شپ ایکٹ 1951 اور وفاقی شرعی عدالت کے فیصلوں کے مطابق پاکستانی شہری سے شادی کرنے والے ہر شخص کو نادرا کی جانب سے پاکستانی شہریت یا پاکستان اوریجن کارڈ جاری کیا جائے گا۔

مزیدخبریں