اسمبلیوں کی تحلیل روک نہ سکے تو الیکشن کرائیں گے، قمرزمان کائرہ

Dec 02, 2022 | 11:23 AM

ایک نیوز نیوز: پی ڈی ایم کے اندر سے بھی انتخابات کی آوازیں اٹھنے لگیں۔ اہم پی پی رہنما نے بھی انتخابات کی حمایت کردی۔

تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا وفاق اور صوبوں کے الیکشن الگ الگ پہلے کبھی نہیں ہوئے، اب یہ تجربہ بھی کرکے دیکھتے ہیں، دو چار مہینے پہلے یا بعد میں الیکشن ہوں تو کیا قیامت آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہم عمران خان کو انگیج کرنے سے نہیں ہچکچائے، عمران خان شرائط کے بجائے مطالبات پیش کریں تو بات آگے بڑھے گی۔

قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا یہ کیسے ممکن ہوگا کہ پنجاب اسمبلی تحلیل ہوگی تو سندھ پر بھی یہ فیصلہ مسلط کیا جائے گا، ایسا نہیں ہونے دیں گے۔

خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی نے پنجاب اور خیبر پختونخوا اسمبلی تحلیل کرنے کی منطوری دیدی ہے تاہم حتمی فیصلہ عمران خان اتحادیوں سے مشاورت کے بعد کریں گے۔

مزیدخبریں