سپریم کورٹ نے سی سی پی او لاہور کو بحال کردیا

Dec 02, 2022 | 10:08 AM

ایک نیوز نیوز: سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کو سپریم کورٹ آف پاکستان سے بڑا ریلیف مل گیا۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان نے سروس ٹربیونل کے خصوصی بنچ کے فیصلے کیخلاف اپیل پر وفاقی حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کو عہدے پر بحال کردیا۔ 

ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت کو نوٹس غلام محمد ڈوگر کی اپیل پر جاری کیا گیا۔ اس موقع پر سی سی پی او لاہور کے وکیل عابد زبیری نے بتایا کہ غلام محمود ڈوگر کو فیڈرل سروس ٹربیونل نے بحال کیا تھا اور بعد ازاں سروس ٹربیونل کے ہی دو رکنی بینچ نے بحالی کا فیصلہ معطل کر دیا۔

عابد زبیری کا کہنا تھا کہ ٹربیونل کے دو رکنی بنچ کا فیصلہ دوسرا دو رکنی بنچ معطل نہیں کر سکتا۔ حکومت کی نظرثانی درخواست بھی ٹربیونل میں زیرالتواء تھی۔

دوسری جانب سپریم کورٹ کے حکم کے بعد سی سی پی او کی بحالی سے عمران خان پر قاتلانہ حملہ کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم بھی فعال ہوگئی۔ سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر اس جے آئی ٹی کے سربراہ ہیں۔ 

سپریم کورٹ کے جج جسٹس اعجاز الاحسن نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ ٹربیونل کا ایک بنچ دوسرے بنچ کا فیصلہ کیسے معطل کر سکتا ہے؟ خصوصی بنچ نے ایک جانب کہا درخواست قبل ازوقت ہے ساتھ ہی حکم معطل کر دیا۔ 

جسٹس مظاہر نقوی نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ لاہور ہائیکورٹ نے کیسے کہہ دیا کہ آئینی درخواست قابل سماعت نہیں؟ عدالت نے مزید سماعت غیرمعینہ مدت تک ملتوی کر دی۔

مزیدخبریں