ویب ڈیسک:ایرانی میڈیا نے قتل سے چند گھنٹے قبل حماس کے سربراہ شہید اسماعیل ہنیہ کی ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے ساتھ گفتگو شیئر کی ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق اسماعیل ہنیہ نے خامنہ ای سے اپنی آخری گفتگو میں کہا تھا کہ ’جب ایک لیڈر چلا جائے گا تو دوسرا لیڈر اس کی جگہ لے لے گا، یہ دنیا کا طریقہ ہے، زندگی اور موت اللہ کے ہاتھ میں ہے۔‘
اسماعیل ہنیہ نے ایرانی سپریم لیڈر سے کہا تھا کہ ’اللہ ہی ہے جو زندگی دیتا ہے اور چھین لیتا ہے، وہی ہے جو ہمیں ہنساتا ہے اور رلاتا ہے لیکن جو چیز ہمیشہ رہے گی وہ انشاء اللہ امت مسلمہ ہے، بقول شاعر اگر ایک بزرگ ہمیں چھوڑ کر چلے جائیں تو دوسرے اس کی جگہ لیں گے‘۔
آخری گفتگو میں حماس کے سربراہ نے خامنہ ای کے لیے دعا کی تھی ’خدا آپ کو لمبی عمر، سلامتی اور صحت عطا فرمائے‘۔
اس کے جواب میں خامنہ ای نے قرآن کی تلاوت کرتے ہوئے شہید اسماعیل ہنیہ سے کہا تھا کہ ’ آپ ایک ایسا چھوٹا گروپ ہیں جو ایک بڑی فوج امریکا، نیٹو، برطانیہ اور دیگر ممالک کو شکست دینے میں کامیاب ہوا ہے‘۔
اس موقع پر ایرانی سپریم لیڈر نے مزید کہا کہ ’اسرائیل کو نیست و نابود کرنا ممکن ہے، انشاء اللہ وہ دن آئے گا جب فلسطین سمندر سے دریا تک قائم ہو گا‘۔
خیال رہےکہ حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ 31 جولائی کو ایرانی دارالحکومت تہران میں ہونے والے اسرائیلی حملے میں شہید ہوگئے تھے، وہ ایرانی صدر محمود پزشکیان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے تہران میں موجود تھے۔