ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف کے مقامی رہنما ڈاکٹر شاہد صدیق کو نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد قتل کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق ویلنشیا ءٹاؤن میں پی ٹی آئی کے فاؤنڈر ممبر ڈاکٹر شاہد صدیق کو نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد مسجد کے باہر قتل کردیا گیا، مقتول نجی ہسپتال کے مالک بھی تھے۔
واقعے کے بعد پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر ہسپتال منتقل کیا اور جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کرکے تفتیش شروع کردی ، نامعلوم حملہ آوروں نے ڈاکٹر شاہد صدیق کو 4 گولیاں ماریں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ٹارگٹ کلنگ سمیت مختلف پہلوؤں کو پیش نظر رکھتے ہوئے واقعے کی تحقیقات کی جائیں گی، حملے کے وقت ڈاکٹر شاہد صدیق کے بیٹے اور ڈرائیور بھی ہمراہ تھے جو محفوظ رہے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے واقعے کا نوٹس لیکر ڈی آئی جی آپریشنز سے رپورٹ طلب کرلی، فائرنگ میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا ہے۔
آئی جی پنجاب نے کہا کہ پنجاب پولیس ملزمان کی گرفتاری کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں۔