ایک نیوز: ایکسل لوڈ قوانین کے موثر نفاذ کیلئے پنجاب اور این ایچ اے کے مابین تعاون بڑھانے کا فیصلہ، ایکسل لوڈ ڈیٹا سے متعلق معلومات کے تبادلے کیلئے این ایچ اے اور پنجاب کے سسٹم کو باہم منسلک کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کی زیر صدارت ایکسل لوڈ منیجمنٹ پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس ہوا ، سیکرٹری ٹرانسپورٹ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔
بریفنگ میں بتایا گیا جولائی میں پنجاب ہائی وے پولیس نے 53 ہزار سے زائد مال بردار گاڑیوں کو چیک کیا ،61 فیصد گاڑیوں میں اوور لوڈنگ پائی گئی ، ایکسل لوڈ کی سب سے زیادہ خلاف ورزی جھنگ، چنیوٹ اور فیصل آباد میں پائی گئی ۔
چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کا کہناتھا پنجاب میں 2ہزار کلو میٹر شاہراہوں پر ایکسل لوڈ رجیم پر کامیابی سے عملدرآمد کرایا جا رہا ہے ، ایکسل لوڈ منیجمنٹ کے ذریعے اربوں روپے کی لاگت سے تعمیر سڑکوں کو ٹوٹ پھوٹ سے بچایا جا سکے گا ،مال بردار گاڑیوں کی چیکنگ کیلئے مستقل ویٹ سٹیشن قائم کئے گئے ہیں ،نئی تعمیر ہونے والی تمام سڑکوں پر مستقل ویٹ سٹیشن بنائے جائیں گے ۔
اجلاس میں ایکسل لوڈ قوانین کے موثر نفاذ کیلئے پنجاب اور این ایچ اے کے مابین تعاون بڑھانے کا فیصلہ کیاگیا ، ایکسل لوڈ ڈیٹا سے متعلق معلومات کے تبادلے کیلئے این ایچ اے اور پنجاب کے سسٹم کو باہم منسلک کیا جائے گا۔
اجلاس میں مواصلات و تعمیرات، معدنیات کے محکموں کے سیکرٹریز، چیئرمین پی آئی ٹی بی، پنجاب ہائی ویز پولیس کے حکام اور متعلقہ افسران نے شرکت کی ،آئی جی نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر ویز پولیس سردار علی خان اور چیئرمین این ایچ اے شہریار سلطان ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔