ایک نیوز :چین کے صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ بین الاقوامی صورتحال میں کتنی ہی تبدیلیاں رونماکیوں نہ ہوں، چین ہمیشہ ثابت قدمی سے پاکستان کےساتھ کھڑا رہے گا۔
چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کی دہائی پر اپنے مبارکبادی تہنیتی پیغام میں چینی صدر نے کہا کہ چین پاک اقتصادی راہداری بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹیو کا اہم اولین منصوبہ ہے، 2013 میں اس کے افتتاح سے اب تک دونوں ممالک مشترکہ مشاورت، مشترکہ تعمیر اور مشترکہ شیئرنگ کے اصولوں کے مطابق سی پیک منصوبوں کی تعمیر کو آگے بڑھا رہے ہیں۔
چینی صدر نے کہا کہ اس حوالے سے متعدد ابتدائی ثمرات حاصل کئے گئے ہیں جن کی بدولت نہ صرف پاکستان کی اقتصادی و سماجی ترقی کو نئی قوت محرکہ ملی ہے بلکہ خطے میں باہمی رابطے اور انضمام کے عمل کے لئے بھی اچھی بنیاد ڈالی گئی ہے۔
اپنے پیغام میں جسے چین کے نائب وزیر اعظم ہی لی فنگ نے سی پیک کی دہائی کی یاد میں منعقدہ تقریب میں پڑھ کر سنایا۔ صدر شی جن پنگ نے کہا کہ چین پاک اقتصادی راہداری چین اورپاکستان کے درمیان دوستی کا جیتا جاگتا ثبوت بن چکی ہے، یہ راہداری دونوں ممالک کے درمیان نئے دور میں قریب تر چین پاک ہم نصیب معاشرہ تشکیل دینے میں اہم حمایت بھی فراہم کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مستقبل میں چین پاکستان کے ساتھ مل کر اعلیٰ معیاری، پائیداراور عوام دوست اہداف پر قائم رہتے ہوئے منصوبہ بندی اور انتظامات کو بہتر بنانے اور تعاون کو توسیع دینے کا خواہاں ہے تاکہ سی پیک کو بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹیو کے اعلیٰ معیارکے ساتھ مشترکہ تعمیر کے شعبے میں ایک مثالی منصوبہ بنایا جائے۔
پاکستان کی حمایت میں چینی صدر کے بیان پر بےحد مشکور ہیں، شہباز شریف
وزیراعظم شہبازشریف کا سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہنا ہے کہ سی پیک کی 10سالہ تقریبات کے موقع پرصدرشی جن پنگ کے پیغام کا شکر گزار ہوں۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا صدرشی جن پنگ نےپاکستان کی حمایت اور یکجہتی کا اہم پیغام دیا،بیلٹ اینڈ روڈ تعاون منصوبہ عوامی فلاح بہبود سےمتعلق چینی صدرکے عزم کاعکاس ہے۔ سی پیک کے تحت بنیادی ڈھانچے، توانائی اورسماجی واقتصادی شعبوں میں اہم سنگ میل عبور ہوئے۔
Highly grateful to H.E. President Xi Jinping for his powerful message of support and solidarity with Pakistan on the occasion of the completion of the Decade of CPEC. His emphasis on building CPEC into "an exemplary project of high quality Belt and Road Cooperation" reflects his…
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) August 3, 2023
وزیراعظم نے مزید کہا کہ نوازشریف کی قیادت میں شروع کیا گیا بی آرآئی فلیگ شپ منصوبہ حقیقت بن چکا ہے،سی پیک کےدوسرے مرحلے کیلئے مزید توانائی اور جذبے سے کام کرنے کیلئے پرعزم ہوں۔