بھارتی ہٹ دھرمی قائم، پاک بھارت میچ کا وینیو تبدیل کرنے سےانکار

Aug 02, 2023 | 13:52 PM

Hasan Moavia

ایک نیوز: آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 بھارت بدستور ہٹ دھرمی پر قائم ہے، بھارتی بورڈ نے پاک بھارت میچ کا وینیو تبدیل کرنے سےانکار کردیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 میں پاک بھارت مقابلہ 15 کے بجائے 14 اکتوبر کو ری شیڈول کیے جانے کا امکان ہے جبکہ میچ کا مقام  احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم  ہی رہے گا۔ 
 بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے باضابطہ اعلان جمعرات کو پی سی بی کو حکومت کی طرف سے تشکیل دی گئی اعلیٰ سطحی کمیٹی کی جانب سے گرین سگنل ملنے کے بعد کیا جائےگا۔پی سی بی بھارت میں پاکستانی میچز کے وینیوز کا جائزہ لینے کے لئے  ایک خصوصی سیکیورٹی یونٹ تشکیل دے گا۔
آئی سی سی ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت اور پاکستان کے علاوہ پاکستان اورسری لنکا کے میچ کی تاریخ میں تبدیلی کا امکان ہے جو 10 اکتوبر کو کھیلا جائے گا تاکہ پاکستان کو دونوں میچوں کے درمیان وقفہ مل سکے۔پاکستان کا ہالینڈ کیخلاف میچ جو 6 اکتوبر کو حیدر آباد میں ہونا ہے اس کی تاریخ بھی تبدیل کی جا سکتی ہے۔
 بھارت اور پاکستان میچ کی تاریخوں میں تبدیلی کی  وجہ نوراتری تہوارہے کیونکہ اگر میچ 15 اکتوبر کو ہوتا ہے تو سیکیورٹی انتظامات مشکل ہوجائیں گے۔آئی سی سی اور بی سی سی آئی نے احمد آباد میں بھارت کیخلاف  اپنے گروپ کے دو میچوں کی ری شیڈولنگ کے لیے پی سی بی سے رابطہ کیا تھا۔
 بی سی سی آئی کے سکریٹری جے شاہ نے کچھ دن پہلے اس بات کی تصدیق کی تھی کہ چند دیگر  کرکٹ بورڈز نے اپنے شیڈول میں کچھ تبدیلیوں کی درخواست کی تھی۔  ان ٹیموں کے چند میچوں کے ری شیڈول ہونے کا بھی امکان ہے۔
ورلڈ کپ کا آغاز انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان 5 اکتوبر کو احمد آباد میں ہوگا جبکہ  میزبان بھارت 8 اکتوبر کو چنئی کے چدمبرم اسٹیڈیم میں آسٹریلیا کے خلاف اپناپہلا میچ کھیلے گی۔ٹورنامنٹ کے دو سیمی فائنل 15 نومبر کو ممبئی کے وانکھیڑے اسٹیڈیم اور 16 نومبر کو کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں کھیلے جائیں گے جبکہ فائنل 19 نومبر کو احمد آباد میں کھیلا جائے گا۔ 

مزیدخبریں