سیاسی، سماجی و اقتصادی تباہی کے بعد آئین اور قانون آخری ہچکیاں لےرہا ہے:شیخ رشید

Aug 02, 2023 | 13:46 PM

JAWAD MALIK

ایک نیوز: سابق وزیرداخلہ اور سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے کہا ہے کہ پیٹرول بم سے بڑا بم بجلی کے بل کے ساتھ عوام کو ملنے والا ہے، سیاسی، سماجی و اقتصادی تباہی کے بعد آئین اور قانون آخری ہچکیاں لے رہا ہے۔

سابق وزیرداخلہ اور سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آخری 10دن کی مہنگائی مارچ کرنے والی حکومت سے کون غیر ملکی سرمایہ کاری کےمعاہدے کرے گا، موجودہ حکومت آئندہ 10 دنوں میں عوام کے لیے مزید تباہی اور بربادی کے فیصلے کرکے جائے گی، عوام کو ریلیف نہیں تکلیف دے کر جائے گی۔ ایک طرف کانفرنس پر کانفرنس کی جارہی ہے دوسری طرف مہنگائی اور بیروزگاری سے غریب کاگلا کاٹا جارہا ہے،85  اراکین پر مشتمل دنیا کی سب سے بڑی شاہی کابینہ جو دس دنوں کی مہمان اداکار ہے، جاتے جاتے پیٹرول، آٹا، چینی، گیس اور بجلی پر ایسا جھاڑو پھیر کے جا رہی ہے کہ غریب معاشی طور پر زندہ مر گیا ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ جو حکمران سب اچھاکہہ رہے ہیں وہ بھی شکنجے میں آنے والے ہیں۔ ان کی خواہشیں اور خبریں دس دنوں میں دم توڑ جائیں گی۔ جس طرح بچوں اور بچیوں کو گھروں سے اٹھایا گیا ہے، گھروں کو بلڈوز کیا، عدلیہ کے فیصلوں سے انکار کیا، ملک کو ظلم اور بربریت کا نشانہ بنایا گیا، جنگل کا قانون نافذ کیاگیا، الیکشن ہونا یا الیکشن نہ ہونا یہ وقت آنے پر کرنے کی بات ہے۔یہ غریب کا کیس نہیں رہا، 90 دن ایک بہانہ ہے۔ الیکشن کو آگے کہیں اور  لے کر جانا ہے اور قانون کی بالادستی کا بھی جنازہ نکالنا ہے۔ اگر سپریم کورٹ اپنے فیصلوں پر عملدرآمد نہ کرا سکی تو 25 کروڑ عوام مایوسی کی دلدل میں کوئی بھی رخ اختیار کر سکتی ہے۔ بڑے لوگ اور اشرافیہ ملک چھوڑ کے بھاگ جائیں گے، بھوک اور ننگ سے مارے لوگ خانہ جنگی کا شکار ہو جائیں گے۔

شیخ رشید نے مزید کہا کہ حکومت اور پی ڈی ایم کے تمام سیاستدان الیکشن کے حوالے سے مختلف بیانات دے رہے ہیں اور ساری ذمہ داری اب الیکشن کمیشن پر ڈال رہے ہیں۔ الیکشن کمیشن کے لئے بہترین موقع ہے کہ تمام قیاس آرائیاں اور الیکشن کمیشن پر اٹھنے والی انگلیاں ختم کر دیں اور ایسا شفاف اور غیر جانبدار الیکشن کروائیں کہ تاریخ میں نام لکھا جائے، یہ الیکشن کمیشن کی بھی عزت، جمہوریت پاکستان اور غریب عوام کی زندگی اور موت کا سوال ہے۔

مزیدخبریں