ایک نیوز : معروف آرٹ ڈائریکٹر نتن ڈیسائی57 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ پولیس نے ابھی تک اس کی موت کی وجہ کے بارے میں مزید تفصیلات شیئر نہیں کی ہیں۔ وہ صبح کرجت میں اپنے این ڈی اسٹوڈیو میں مردہ پائے گئے۔ تاہم ابتدائی اطلاعات کے مطابق ان کی موت خودکشی سے ہوئی ہے۔
نتن ڈیسائی کو فلموں کی بہترین آرٹ ڈائریکشن کے لیے چار بار نیشنل ایوارڈ سے نوازا گیا ۔ انہوں نے بالی ووڈ میں اپنے دو دہائیوں کے طویل کیریئر میں نامور ترین ہدایت کاروں کے ساتھ کام کیا ہے، جن میں آشوتوش گواریکر، ودھو ونود چوپڑا اور سنجے لیلا بھنسالی شامل ہیں۔
ان کے کچھ قابل ذکر فلموں میں’’ ہم دل دے چکے صنم‘‘،’’ دیوداس‘‘، ’’جودھا اکبر‘‘، ’’لگان‘‘، ’’ونس اپون اے ٹائم ان ممبئی‘‘ اور ’’باجی راؤ مستانی ‘‘شامل ہیں۔ آرٹ ڈائریکٹر کے طور پر ان کا آخری پروجیکٹ آشوتوش گواریکر کے ساتھ 2019 کی فلم’’ پانی پت‘‘ میں تھا۔ جس کے لیے انہیں ہالی ووڈ میں معروف آرٹ ڈائریکٹرز گلڈ فلم سوسائٹی اور امریکن سینما نے اعزاز سے نوازا۔
آرٹ ڈائریکشن کے علاوہ نتن 2003 میں فلم دیش دیوی ما آشاپورہ کے پروڈیوسر بھی رہے جبکہ انہوں نے دو ہندی فلموں ہیلو جئے ہند! (2011) اور اجنتھا (2012) کی ہدایت کاری کے فرائض بھی سرانجام دیئے ۔ انہوں نے ب ٹی وی کے لئےبے حد مقبول مراٹھی سیریل ’’راجہ شیو چھترپتی ‘‘بھی تیار کیا۔ 2005 میں، نتن نے ممبئی کے مضافاتی علاقے کرجت میں این ڈی اسٹوڈیو کھولا۔ 52 ایکڑ پر پھیلا یہ اسٹوڈیو کئی فلموں کی شوٹنگ کے لئے استعمال ہوا، جس میں سب سے قابل ذکرفلم ’’ جودھا اکبر‘‘ہے۔