ایک نیوز: راولپنڈی ایلیٹ فورس کے ہیڈ کانسٹیبل محمد علی میانوالی کے پہاڑی علاقہ دوہا میں آپریشن کے دوران اشتہاریوں کی فائرنگ سے شہید ہو گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق میانوالی پولیس نے خطرناک اشتہاریوں کی گرفتاری کے لیے آپریشن کیا جہاں اشتہاریوں نے پولیس پر فائرنگ کردیا۔ فائرنگ کے نتیجہ میں ہیڈکانسٹیبل محمد علی شہیدجبکہ مقامی پولیس ایس ایچ اومکڑوال اورتین کانسٹیبل زخمی ہوگئے۔
زخمیوں میں ایلیٹ فورس راولپنڈی کے کانسٹیبل سعید الرحمن بھی شامل ہیں،ایلیٹ فورس راولپنڈی کی ٹیم میانوالی پولیس کے ساتھ فرائض سرانجام دے رہی ہے۔ شہید ہیڈکانسٹیبل محمد علی کے جسد خاکی کو راولپنڈی منتقل کیاجارہا ہے، شہید ہیڈکانسٹیبل محمد علی کو آبائی علاقہ گوجرخان میں سپردخاک کیا جائے گا۔ شہید کے سوگواران میں بیوہ ،دوبیٹے اوردو بیٹیاں شامل ہیں۔
لاہور آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نےمیانوالی میں اشتہاری ملزمان کی فائرنگ سے جام شہادت نوش کرنے والے ایلیٹ فورس کے جوان محمد علی کو خراج تحسین پیش کیا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا ہے کہہیڈ کانسٹیبل محمد علی فرض کی راہ میں جام شہادت نوش کرکے ہمیشہ کیلئے امر ہو گیا ہے ،پنجاب پولیس اپنے بہادر سپوت کی لازوال قربانی کو کبھی فراموش نہیں کرے گی ۔ شہید کے اہل خانہ کی ویلفیئر ، بچوں کی تعلیم و روزگار کا ہر ممکن خیال رکھا جائے گا ۔
آئی جی پنجاب نےواقعہ میں زخمی ہونے والے ایس ایچ او مکڑوال لیاقت رسول ، ایلیٹ کانسٹیبل سعید الرحمان ، کانسٹیبلان عامر مجید اور محمد اعجاز کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ آئی جی پنجاب کا کہنا ہےکہ ڈی پی او میانوالی زخمی ہونے والے افسران و اہلکاروں کے علاج معالجے کیلئے ذاتی نگرانی میں اقدامات یقینی بنائیں ۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے آر پی او سرگودھا سے واقعہ کی رپورٹ طلب کر تے ہوئے پولیس ٹیم پر فائرنگ کرنے والے اشتہاری ملزمان کی گرفتاری کیلئے سپیشل ٹیم تشکیل دینے کا حکم بھی دیا ہے۔ آئی جی پنجاب کا کہنا ہےکہ ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے ، قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔