ایک نیوز: چین کے دارلحکومت بیجنگ میں 40 گھنٹوں کی مسلسل بارش نے 140 سالہ ریکارڈ توڑ دیا، اس سے پہلے 1891 میں سب سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی تھی۔
بیجنگ کے محکمہ موسمیات نے بدھ کو جاری پیغام میں بتایا کہ طوفان کے باعث حالیہ بارشوں نے چینی دارالحکومت میں 140 سال قبل ہونے والی بارشوں کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔
بیجنگ میٹرولوجیکل سروس نے کہا کہ ’اس طوفان کے دوران ریکارڈ کی گئی زیادہ سے زیادہ بارش 744.8 ملی میٹر تھی، جو چانگ پنگ کے وانگجیوان واٹر ریزرو میں ہوئی‘۔
چین کا کہنا ہے کہ طوفان کے نتیجے میں شمالی علاقہ جات میں میں آنے والے سیلاب سے 20 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ فوجی ہیلی کاپٹر بیجنگ سیلاب متاثرین کو امداد پہنچا رہے ہیں۔
سروس نے مزید کہا کہ 140 سال پہلے ریکارڈ کیا گیا سب سے بڑا حجم 609 ملی میٹر تھا۔
طوفان ڈوکسوری ایک سابقہ سپر ٹائفون ہے جو فلپائن سے ٹکرانے کے بعد گزشتہ ہفتے جنوبی فوجیان صوبے سے ٹکرایا اور اب چین کے اوپر شمال کی طرف بڑھ رہا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق صرف 40 گھنٹوں میں ریکارڈ کی گئی بارش جولائی کے پورے مہینے کی اوسط بارش کے قریب ہے۔
سرکاری میڈیا نے گزشتہ ہفتے خبردار کیا تھا کہ شمالی چین میں شدید بارشوں سے 130 ملین افراد متاثر ہوں گے۔
بیجنگ کے مضافاتی اور آس پاس کے علاقے بارشوں سے بری طرح متاثر ہیں۔
سرکاری میڈیا کے مطابق دارالحکومت اور پڑوسی صوبے ہیبی میں 974,400 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ژنہوا نے رپورٹ کیا کہ بارش میں نرمی کے بعد اب توجہ امدادی کارروائیوں پر مرکوز ہو گئی ہے، چینی ریڈ کراس کے سینکڑوں امدادی کارکنوں کو ملبہ صاف کرنے اور متاثرین کو نکالنے میں مدد کے لیے سخت متاثرہ علاقوں میں بھیجا گیا ہے۔
منگل کو سرکاری نشریاتی ادارے سی سی ٹی وی نے کہا کہ بارشوں نے بیجنگ میں کم از کم 11 افراد کی جان لی ہے، جن میں سے دو کارکن ریسکیو اور ریلیف کے دوران ڈیوٹی پر مارے گئے۔
براڈکاسٹر نے کہا کہ 13 افراد اب بھی لاپتہ ہیں، لیکن مزید 14 محفوظ پائے گئے ہیں۔ بیجنگ کے پڑوسی صوبے ہیبی میں نو افراد ہلاک اور چھ لاپتہ ہیں۔
ہفتے کے آخر میں شمال مشرقی صوبہ لیاؤننگ میں مزید دو ہلاکتوں کی اطلاع ملی۔
صدر شی جن پنگ نے منگل کو بارشوں سے ”گمشدہ یا پھنسے“ افراد کو بچانے کے لیے ”ہر ممکن کوشش“ کرنے پر زور دیا۔
دارالحکومت کے سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں سے ایک بیجنگ کے مینٹوگو میں امدادی کام کی جگہ کا دورہ کرتے ہوئے نائب وزیر اعظم ژانگ گوکنگ نے تاکید کی کہ لاپتہ افراد کو بچانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے۔
چین شدید موسمی صورت حال کا سامنا کر رہا ہے اور اس موسم گرما میں شدید درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا ہے۔