ایک نیوز نیوز: بین الاقوامی خبررساں ادارے نے دعویٰ کیا ہے کہ نینسی پلوسی کا طیارہ تائیوان لینڈ کرگیا ہے۔ بین الاقوامی میڈیا رپورٹس نے بھی نینسی پلوسی کا طیارہ تائیوان پہنچنے کی تصدیق کی ہے۔
خبرایجنسی کے مطابق امریکی اسپیکر ملائیشیا سے تائیوان پہنچی ہیں، اس کے بعد وہ جنوبی کوریا اور جاپان بھی جائیں گی۔ دوسری جانب چین نے نینسی پلوسی کے دورہ تائیوان کو 'انتہائی خطرناک' اقدام قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق چینی وزارت خارجہ نے حالیہ ردعمل میں کہا ہے کہ امریکی آگ سے کھیلنے کی کوشش کر رہے ہیں، چین تائیوان میں امریکی نقل وحرکت کو ہرگز برداشت نہیں کرے گا، امریکا بدمعاشی کی سیاست پر گامزن ہے، نینسی پلوسی کا دورہ تائیوان کا اختتام امریکیوں کے لیے اچھا ثابت نہیں ہوگا۔
واضح رہے کہ چین نے متعدد بار خبردار کیا تھا کہ امریکی اسپیکرکا دورہ تائیوان چین کےاندرونی معاملات میں مداخلت ہوگا۔
چین کا کہنا تھا کہ نینسی پلوسی نے تائیوان کا دورہ کیا تو چینی فوج ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر نہیں بیٹھےگی، چین اپنی خود مختاری، علاقائی سالمیت کےدفاع کے لیے سخت جوابی اقدامات کرے گا، امریکی اسپیکر کا دورہ تائیوان خوفناک سیاسی اثرات کا باعث بنےگا۔