ایک نیوز نیوز: چھتیس گڑھ میں کانگریس حکومت نے چار روپے لٹر گائے کے پیشاب کی خریداری کا بھی باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق متعدد اضلاع میں باضابطہ مراکز قائم کیے گئے ہیں، جہاں بالخصوص گؤ شالاؤں میں رکھی گئی گائیوں کے پیشاب خریدے جائیں گے۔چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل نے گزشتہ دنوں اس منصوبے کا افتتاح کیا۔ انہوں نے بتایا کہ گائے کے پیشاب کی خریداری کا سرکاری ریٹ چار روپے فی لٹرمقرر کیا گیا ہے۔ پہلے روز لوگوں نے گائیوں کا 2300 لٹر پیشاب فروخت کیا۔
انہوں نے بتایا کہ گؤ شالہ کمیٹیوں اور خود امدادی گروپوں کو گؤ موتر کی خریداری کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ افتتاح کے موقع پر وزیر اعلیٰ بگھیل اپنے گھر سے گائیوں کا پیشاب لے کر ایک خریداری مرکز پہنچے تھے۔ انہوں نے پانچ لٹر گؤ موتر فروخت کیا اور انہیں 20 روپے ملے۔بگھیل نے بتایا کہ گائے کے پیشاب سے 'برہم استرا‘ نامی جراثیم کش محلول اور 'جیوامرت‘ نامی کھاد تیار کیے جائیں گے۔
ریاستی حکومت نے گائے کے فضلات کی خریداری کی اسکیم کا آغاز سن 2020 میں کیا تھا۔ وہ پہلے ہی دو روپے فی کلوگرام کے حساب سے گائے کا گوبر خرید رہی ہے۔ اس گوبر کو نامیاتی کھاد بنانے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔