ایک نیوز: ایران میں ایک شخص نے دکان میں خریداری کے لئے آنے والی 2خواتین کے سروں پردہی انڈیل دیا ، واقعے بعد دہی پھینکنے والے ملزم سمیت دونوں خواتین کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق حملہ آور شخص سمیت حجاب قانون کی خلاف ورزی پر دونوں خواتین کےوارنٹ جاری کیے گئے تھے، جب کہ اب کارروائی کرتے ہوئے تینوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ 31 مارچ کو سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں دیکھا گیا کہ ایک معمر خاتون اور ایک لڑکی دکان میں داخل ہوئیں، خاتون کے سر پر اسکارف تھا جب کہ لڑکی کے بال کُھلے ہوئے تھے۔
اسی دوران ایک شخص دکان میں داخل ہوا اور لڑکی سے کچھ گفتگو کی، بعدازاں اس نے دہی لڑکی سمیت خاتون کے سروں پر انڈیل دیا جس کے بعد دکاندار اس شخص کو مارنے کے لیے بھاگا۔
اس حوالے سے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے کہا کہ اگرکچھ لوگ حجاب کونہیں مانتے تو انہیں قائل کیا جائے، حجاب ایک قانونی ضرورت اور قانونی معاملہ ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق ایران میں گذشتہ سال حجاب قانون کی خلاف ورزی پر زیر حراست ایرانی لڑکی مہسا امینی انتقال کرگئی تھیں، مہسا امینی کی ہلاکت کےخلاف ایران میں عوامی مظاہرے کئی ماہ تک جاری رہے۔ مظاہروں میں ایرانی خواتین حجاب اتار کر احتجاج ریکارڈ کراتی رہیں۔
خیال رہے کہ ایران میں عوامی مقامات پرخواتین کا سرڈھانپنا لازمی ہے۔