ایک نیوز:فیصل آباد میں ملت روڈ پر مفت آٹا لینے کیلئے آیا شہری دل کا دورہ پڑنے سے جاں بحق ہو گیا۔
ترجمان ریسکیو کے مطابق جاں بحق ہونے والے شخص کی عمر 50 سال تھی۔متوفی دل کادورہ پڑنے سے جاں بحق ہوگیا۔
ترجمان ضلعی انتظامیہ کاکہناہے کہ ورثاء کے مطابق متوفی دل کا مریض تھا، شہری طبی موت کا شکار ہوا ہے۔ آٹا سیل پوائنٹ پر کوئی دھکم پیل نہیں ہوئی۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے ساہیوال، قائد اعظم اسٹیڈیم میں آٹا پوائنٹ پر بھگدڑ مچنے اور پولیس تشدد سے ایک خاتون جان کی بازی ہار گئی تھی جبکہ 19 افراد زخمی ہو گئے تھے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 اور پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی تھی ۔ ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں 18 خواتین اور ایک مرد شامل ھے جبکہ مزید ہلاکتوں کا خدشہ تھا۔زخمیوں کو طبی امداد فراہم کر کے ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔ ڈی سی ساہیوال اور ڈی پی او ساہیوال موقع پر موجود تھے جبکہ میڈیا نمائندگان کو ہسپتال کے اندر سے جانے روک دیا گیاتھا۔
شیخوپور تھانہ سٹی مریدکے کی حدود میں بھی فری آٹا لینے آیا شہری جان کی بازی ہار گیا تھا۔منظور نامی شہری فری آٹا پوائنٹ سے آٹا لے کر باہر نکل کہ حبس اور بد انتظامی کی وجہ سے طبیعت خراب ہو گئی تھی ۔اچانک طبیعت خراب ہونے سے شہری موقع پر ہی جان کی بازی ہار گیاتھا۔ شہری کی ہلاکت کی خبر سنتے ہی انتظامیہ کی دوڑیں لگ گئیں تھیں۔
جتوئی میں شہر سلطان نجی میرج ہال سرکاری مفت آٹا پوائنٹ میں دیوار گرگئی جس سے دیوار گرنے سے آٹا لینے آئے 4 افراد زخمی ہو گئے تھے۔ ریسیکو 1122 نے زخمیوں کو فوری آر ایچ سی ہسپتال منتقل کر دیا گیاتھا۔