ایک نیوز:طوفانی بارشوں سے بلوچستان اورخیبرپختونخوا کے مابین ٹریفک کانظام معطل ہونے سے بڑی تعداد میں مسافر بسیں اور چھوٹی گاڑیاں پھنس گئی ہیں۔ لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سےکئی گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے اور کئی افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے سرحدی علاقے کوہ سلیمان رینج میں موسلادھار طوفانی بارشوں سے سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کاکہناہے کہ ژوب ڈی آئی خان قومی شاہراہ پر دھاناسر اور مانیخوا میں لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سےکئی گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے اور کئی افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سےکئی کلومیٹر علاقے میں بڑی تعداد میں مسافر بسیں اور چھوٹی گاڑیاں پھنس گئی ہیں۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کامزیدکہناہے کہ اسلام آباد، پشاور اورسوات سے آنے والی گاڑیوں کو خیبر پختونخوا کی حدود میں روک دیا گیا ہے۔ بلوچستان سے اسلام آباد اور خیبر پختونخوا جانے والی گاڑیوں کو بھی ژوب اور شیرانی میں روک دیا گیا ہے۔ترجمان پی ڈی ایم اے کا کہنا ہےکہ ریسکیو آپریشن مکمل ہونے تک خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے مابین ٹریفک معطل کردیاگیا ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کاکہناہے کہ کوہِ سلیمان رینج میں بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے سرحدی پہاڑوں پر بھی طوفانی بارش سے دونوں صوبوں کے بارڈر ایریاز میں سیلابی صورتِ حال ہے۔
ترجمان ریسکیو کاکہناہے کہ علاقے سے متعدد ریسکیو کالز موصول ہونے پر کوئیک رسپانس دیا گیا ہے۔
طوفانی بارش، لینڈ سلائیڈنگ سے متعدد گاڑیاں پھنس گئیں
Apr 02, 2023 | 09:53 AM