ایک نیوز:چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی زیر صدارت چیمپئنز لیگ کے انتظامات سے متعلق اجلاس ہوا،اجلاس میں اقبال سٹیڈیم فیصل آباد میں چیمپئنز لیگ کرانے کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی ہدایت پر شائقین کرکٹ آخری 4 میچز کے سوا تمام میچ فری دیکھ سکیں گے، محسن نقوی کا کہنا تھا کہ فیصل آباد کے شہری کرکٹ کے کھیل سے محبت کرتے ہیں،عرصہ دراز کے بعد فیصل آباد میں پاکستان کے بہترین کھلاڑی بڑے ٹورنامنٹ میں ان ایکشن ہوں گے۔
محسن نقوی نے کہا کہ چیمپئنز لیگ سے نا صرف ٹیلنٹ سامنے آئے گا بلکہ ڈومیسٹک کرکٹ بھی مضبوط ہو گی، چیمپئنز لیگ کی کامیابی کے لیے پوری ٹیم کو ذمہ داری سے کام کرنا ہے ، چیمپئنز لیگ کی ٹیموں کے کھلاڑیوں کے لئے فٹنس ٹیسٹ کا مرحلہ مکمل ہو گیا۔
چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی سلمان نصیر، چیف فنانشل آفیسر جاوید مرتضی، ایڈوائزر بلال افضل، ڈائریکٹر ڈومیسٹک عبداللہ خرم نیازی، ڈائریکٹر کمرشل، ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس ، سینئر جنرل مینجر ڈومیسٹک جیند ضیا اور متعلقہ حکام نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔