کیپیٹل ہل پرحملہ آور ہونیوالے ’’پراؤڈ بوائز‘‘ کو عمر قید

Sep 01, 2023 | 16:08 PM

ایک نیوز : امریکا میں انتہائی دائیں بازو کے حامی گروپ "پراؤڈ بوائز 'کے سابق بانی جوزف بگس کو 17 سال جبکہ زچری ریہل کو 15 سال جیل کی سزا سنا دی گئی ہے۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے 2020کے صدارتی انتخابات کے بعد موجودہ امریکی صدر جو بائیڈن کو اقتدار کی پر امن منتقلی روکنے کی کوشش کے لیے امریکی کانگریس پر حملے کی قیادت کی۔

جوزف بگس کو سنائی جانے والی سزا، کیپیٹل ہل پر حملے میں گرفتار کیے گئے سینکڑوں افراد کی سزاؤں میں دوسری طویل سزا ہے۔ اس سے پہلے ' اوتھ کیپرز' نامی گروپ کے بانی اسٹیورٹ رہوڈز کو 18 سال جیل کی سزا سنائی جا چکی ہے۔

فیڈرل پراسیکیوٹرز نے جج سے جوزف بگس کے لیے 33سال اور ان کے ساتھی زچری ریہل کے لیے 30 سال کی سزا کی درخواست کی تھی۔

بگس پر الزام ہے کہ انہوں نے چھ جنوری 2021کو پراؤڈ بوائز کے درجنوں ارکان اور ساتھیوں کی کیپیٹل ہل پر چڑھائی کی قیادت کی اور اس ہجوم میں شامل ہو گئے جو پولیس کا گھیرا توڑ کر امریکی کانگریس کی عمارت پر چڑھ دوڑا جس سے اراکینِ کانگریس کو بھاگنے پر مجبور ہونا پڑا اور ڈیموکریٹک جو بائیڈن کی فتح کی توثیق کی تقریب درہم برہم ہو گئی۔

سزا سنائے جانے سے پہلے برگس نے جج کے سامنے کہا، " میں جانتا ہوں اس روز میں نے گڑ بڑ کی مگر میں دہشت گرد نہیں ہوں۔"

انہوں نے مزید کہا، " میری جستجو نے مجھے بہتر بنایا ہے اور میں باقی زندگی اسی کے ساتھ گزاروں گا۔"

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کے دل میں" کسی کے لیے نفرت نہیں ہے۔" اور یہ کہ وہ کسی کو نقصان پہنچانا نہیں چاہتے تھے۔

پراسیکیوٹرز نے امریکی ڈسٹرکٹ جج ٹیموتھی کیلی سے درخواست کی تھی کہ وہ فردِ جرم میں دہشت گردی کی دفعات کی بھی منظوری دیں۔

فیڈرل پراسیکیوٹرز نے اپنی درخواست میں تحریر کیا تھا کہ بگس نے خود کو اور اپنی تحریک کو امریکہ کے دوسرے انقلاب سے تعبیر کیا جس میں وہ اور ان کے ساتھی" محبِ وطن" لوگ طاقت کے بل پر حکومت حاصل کر لیتے۔"

پرا ؤڈ بوائز کے دوسرے لیڈر اینرک ٹیریو اور ایک سابق لیڈر ایتھن نورڈین کو بدھ کے روز سزا سنائی جانی تھی مگر جج کی ناسازئ طبع کے باعث ان کی سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کر دی گئی۔

ٹیریو 6 جنوری کو واشنگٹن میں نہیں تھے، کیونکہ انہیں دو دن پہلے ایک الگ کیس میں گرفتار کیا گیا تھا اور انہیں دارالحکومت سے باہر جانے کا حکم دیا گیا تھا۔ لیکن پراسیکیوٹرز کا کہنا تھا کہ انہوں نے کیپیٹل پر دھاوا بولنے والے پراوڈ بوائز گروپ کی قیادت کی تھی اور انہیں ہدایات دیں تھیں۔
دفاعی وکلاء نے اس بات سے انکار کیا کہ انہوں نے کیپیٹل پر حملہ کرنے یا بائیڈن کی جیت کی کانگریس سے تصدیق کو روکنے کی کوئی سازش تھی۔

میامی کے رہائشی ٹیریو کے علاوہ، تین دیگر پراؤڈ بوائز کو بغاوت کی سازش کا مجرم ٹھہرایا گیا جن میں ایتھن نورڈین، جوزف بگس اور زچری ریہل شامل ہیں۔


برگس اورمنڈ بیچ، فلوریڈا کے رہائشی ہیں اور خود کو'پراؤڈ بوائز 'کا بانی کہتے ہیں۔ وہ 8 سال تک امریکی فوج میں خدمات انجام دے چکے ہیں اور 2013میں طبی وجوہات پر ریٹائر ہو گئے تھے۔ بعد میں انہوں نے سازشی تھیوریز رکھنے والے ایلکس جونز کی ویب سائٹ 'انفو وارز' کے نامہ نگار کے طور پر کام کیا۔

کیپیٹل ہل پر حملے سے متعلق الزامات میں 1100 سے زیادہ لوگوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ ان میں سے 630 سے زیادہ اپنے جرم کا اعتراف کر چکے ہیں اور 110 کو مقدموں کی سماعت کے بعد سزا سنائی جا چکی ہے۔

کیپیٹل ہل پر اس حملے میں ایک پولیس آفیسر ہلاک اور 140 سے زیادہ زخمی ہو گئے تھے جبکہ کیپیٹل کو لاکھوں ڈالر کا نقصان پہنچا تھا۔

مزیدخبریں