ایک نیوز: بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں پولیس نے ایمازون کے سینئر منیجرکے قتل کے الزام میں دو نوجوانوں کو گرفتار کرلیا ہے جو کہ ’مایا گینگ‘ کا حصہ ہیں۔
رپورٹ کے مطابق گرفتار ہونے والے ایک نوجوان کا نام محمد سمیر عرف مایا ہے اور 18 برس کے لڑکے کے نام پر ہی ’مایا گینگ‘ کا نام رکھا گیا ہے۔ منگل کو نئی دہلی کی سڑک پر ایمیزون کے سینیئر مینیجر کو بحث کے بعد کچھ موٹرسائیکل سواروں نے گولی مار کر قتل کر دیا تھا جبکہ ان کے انکل گووند اس حملے میں زخمی ہوئے تھے۔گرفتار کیے گئے نوجوان محمد سمیر عرف مایا کے خلاف قتل کے چار مقدمات درج ہیں اور وہ ویڈیو اور فوٹو شیئرنگ پلیٹ فارم پر بھی کافی متحرک تھے۔
بھارتی میڈیاکے مطابق مایا کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر انہوں نے اپنے بارے میں لکھا کہ ’ نام بدنام، پتہ قبرستان، عمر جینے کی اور شوق مرنے کا۔‘ملزم کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ریلیز بھی موجود ہیں جس میں وہ متعدد فلموں کے ڈائیلاگ بولتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے اور کئی ویڈیوز میں ان کے ہاتھ میں ہتھیار بھی دیکھے جا سکتے ہیں۔
View this post on Instagram
واضح رہے کہ 2007 میں بھارت میں بننے والی فلم ’شوٹ آؤٹ ایٹ لوکھنڈ والا‘ میں وویک اوبرائے نے مایا نامی ایک گینگسٹر کا کردار ادا کیا تھا اور خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ محمد سمیر عرف مایا شاید اسی فلم سے متاثر تھے۔انسٹاگرام پر متعدد ویڈیوز میں محمد سمیر عرف مایا کے ساتھ دیگر نوجوانوں کو بھی دیکھا جاسکتا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ یہ نوجوانوں کا کوئی ایسا گروہ نہیں جسے صرف ’شوبازی‘ کا شوق ہو بلکہ اس گروہ نے شمال مشرقی دہلی میں دہشت پھیلا رکھی ہے۔
https://www.pnntv.pk/digital_images/large/2023-09-01/news-1693564740-6905.jpeg
پولیس کا مزید کہنا ہے کہ انہوں نے ایمازون کے مینیجر کے قتل کے الزام میں محمد سمیر کے ساتھی بلال غنی کو بھی گرفتار کیا ہے جبکہ ان کے ساتھی ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے بھی مارے جا رہے ہیں۔
پولیس کے مطابق محمد سمیر عرف مایا قتل کے چار مقدمات میں نامزد ہیں جبکہ ان کا ایک ساتھی ڈکیتی اور ایک قتل میں ملوث رہا ہے۔