لاہورہائیکورٹ کا چودھری پرویزالہٰی کوسخت سیکیورٹی میں گھرچھوڑنےکاحکم

لاہورہائیکورٹ کا چودھری پرویزالہٰی کوسخت سیکیورٹی میں گھرچھوڑنےکاحکم
کیپشن: لاہورہائیکورٹ کا چودھری پرویزالہٰی کوسخت سیکیورٹی میں گھرچھوڑنےکاحکم

ایک نیوز:لاہورہائیکورٹ  نے  چودھری پرویزالہیٰ کو ان کے گھر تک سخت سیکیورٹی دینے کا حکم دیدیا۔ 

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس امجد  رفیق کی عدالت میں لطیف کھوسہ پیش ہوگئے،پرویز الٰہی بھی روسٹرم پر آ گئے۔ 

لطیف کھوسہ  نے کہا کہ عدالت کے واضح حکم کے باوجود عدالت کے باہر یونیفارم اور بغیر یونیفارم کے بھاری نفری موجود ہے،لگ رہا ہے پرویز الٰہی کو دوبارہ گرفتار کرنے کا پلان ہو چکا ہے،عدالتیں بنیادی حقوق کے تحفظ کی گارنٹی دیتی ہیں،پولیس عدالت کے باہر کھڑی ہے،عدالت پولیس کو حکم دے کہ پرویز الٰہی کو گھر تک سیکیورٹی دے۔ 

جسٹس امجد رفیق نے ریمارکس دیئے کہ ہم پنجاب پولیس کے کسی افسر کو کہتے ہیں وہ گھر چھوڑ آئیں۔

جسٹس امجد رفیق نے رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ کو بلا لیا۔ایس پی اقبال ٹاؤن کو عدالت نے روسٹرم پر طلب کر لیا۔

جسٹس امجد رفیق نے استفسار کیا کہ آپ ایک دو افسران اور لیں اور پرویز الٰہی کو گھر چھوڑ آئیں۔

ایس پی  اقبال ٹاؤن نے کہا کہ جو عدالت کا حکم ہو گااس پر عمل کریں گے۔ 

جسٹس امجد رفیق نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ مکمل ذمہ داری آپکی ہو گی اگر کچھ ہوا تو اسکے ذمے دار آپ ہوں گے۔

بعدازاں عدالت نے کیس کی سماعت کچھ دیر کے لیے ملتوی کردی۔

اس سے قبل  سابق گورنر لطیف کھوسہ کی کمرہ عدالت میں پرویز الٰہی سے ملاقات ہوئی اور لطیف کھوسہ نے رہائی پر پرویز الہی کو مبارکباد دی،لطیف کھوسہ نے پرویز الٰہی کی خیریت دریافت کی۔لطیف کھوسہ نے پرویز الٰہی کو چئیرمین تحریک انصاف کے کیسز  کےبارے میں بھی بریفننگ دی۔

قبل ازیں پرویز الہی کی کمرہ عدالت میں وکلاء سے مشاورت جاری ہے،ہائیکورٹ سے باہر کیسے نکلنا ہے کمرہ عدالت میں پلان ترتیب دیا جارہا ہے،احاطہ عدالت میں پولیس سمیت دیگر اہلکاروں کی بڑی تعداد موجود  ہیں،ڈی آئی جی آپریشن اور ایس ایس پی انوسٹی گیشن بھی احاطہ عدالت میں موجود ہیں۔

وکلاء پرویز الہی کو لیکر بار روم پہنچ گئے،پرویز الہٰی تاہم ابھی بھی لاہور ہائیکورٹ میں موجود ہیں۔