ایک نیوز: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کے بعد عوام پر کرایوں کا بم گرا دیا گیا۔ ریلوے انتظامیہ نے تمام میل ایکسپریس، پسنجر اور انٹر سٹی ٹرینوں کے کرایوں میں 5 فیصد اضافہ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق ریلوے انتظامیہ نے کرایوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ جس کے مطابق تمام ٹرینوں کے کرایوں میں 5 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ پارسل اور لگیج ریٹ میں بھی 5 فیصد اضافہ کردیا گیا ہے۔ نئے کرایوں کا اطلاق 2 ستمبر سے ہوگا۔
یاد رہے کہ ریلوے انتظامیہ نے 16 روز میں دوسری بار کرایوں میں اضافہ کیا،16 اگست کو ریلوے نے مسافر ٹرینوں کے کرایوں میں 10 فیصد اضافہ کیا تھا۔
دوسری جانب پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ٹرانسپورٹرز نے بھی کرایوں میں اضافہ کردیا۔ ٹرانسپورٹرز کی جانب سے کرایوں میں دس سے پندرہ فیصد تک اضافہ کر دیا گیا۔ لاہور سے دوسرے شہریوں کے کرایوں میں دو سو سے تین سو روپے تک اضافہ کر دیا گیا ہے۔
لاہور سے کراچی کا کرایہ 58 سو سے بڑھ کر 6100 روپے ہو گیا۔ راولپنڈی کا کرایہ دو ہزار روپے، پشاور کا بائیس سو سے 2350 روپے ہوگیا۔ کوئٹہ کا کرایہ بیالیس سو سے بڑھ کر 4400 روپے ہوگیا۔
اسی طرح لاہور سے مری کا کرایہ بائیس سو سے بڑھ کر چوبیس سو روپے ہوگیا اور پشاور کا کرایہ بائیس سو سے بڑھ کر 2500 روپے ہوگیا۔
ٹرانسپورٹرز ذرائع کا کہنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد گاڑیوں کے دیگر سپئیر پارٹس بھی مہنگے ہو جاتے ہیں۔ کرایوں میں اضافہ کرنا مجبوری ہے ورنہ گاڑیاں بند کرنی پڑ جائیں گی۔
دوسری جانب بسوں کے کرائے میں اضافہ سے مسافر سخت پریشان ہیں۔ مسافروں نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔