جڑانوالا سانحہ: گرجا گھروں سمیت متاثرہ عمارتوں میں بحالی کا کام تیزی سے جاری

Sep 01, 2023 | 10:43 AM

ایک نیوز: جڑانوالہ میں گرجا گھروں سمیت متاثرہ رہائشی عمارتوں کی بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے۔ متاثرہ خاندانوں کے گھروں کے بجلی اور گیس کے کنکیشنز بھی بحال کردیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق متعدد متاثرہ مسیحی خاندانوں میں راشن اور کپڑوں کی تقسیم بھی جاری ہے۔ متاثرہ مسیحی افراد نے بحالی اور امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے حکومت، انتظامیہ اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔

مسیحی برادری کا کہنا تھا کہ اتنے کم عرصے میں گرجا گھروں کی مرمت اور بحالی ایک احسن اقدام ہے۔ ہم سب پاکستانی ہیں اور ہماری سب سے پہلی ترجیح پاکستان ہے۔ مشکل وقت میں ہمیں ایک دوسرے سے جھگڑنے کی بجائے متحد ہوکر اصل دشمن کو شکست دینی ہے۔

مسیحی برادری کا کہنا تھا کہ ہمیں فخر ہے کہ ہم پاکستانی ہیں اور اس ملک کی ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کرتے رہیں گے۔ پاکستان خطے کا واحد ملک ہے جہاں تمام مذاہب کے ماننے والے ایک ساتھ امن اور اتحاد سے رہتے ہیں یہی بات دشمن کو کھٹکتی ہے۔ پاکستان کے اتحاد کو ٹھیس پہنچانے والے کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔

مزیدخبریں