ایک نیوز: وفاقی تحقیقاتی ایجنسی ( ایف آئی اے ) نے غیرقانونی طور پر بیرون ملک جانے والے 40 افراد کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر میں ایف آئی اے نے انسانی اسمگلروں کےخلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے سہولت کاروں سمیت غیرقانونی طور پر بیرون ملک جانے والے 40 افراد کو حراست میں لے لیا۔
ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے گوادر آصف نسیم بلوچ نے بتایا کہ ایف آئی اے نے ساحلی علاقے جیونی میں انسانی اسمگلنگ میں ملوث ایجنٹوں اور سہولت کاروں کے ٹھکانوں پرچھاپے کے دوران سمندرکے راستے غیرقانونی طور بیرونی ممالک جانے والے 40 افراد کو حراست میں لیا جن میں سہولت کار بھی شامل ہیں۔
آصف نسیم بلوچ کا کہنا تھا کہ گرفتار افراد بغیر سفری دستاویز کے سفر کر رہے تھے جن کا تعلق پنجاب، کشمیر اور کے پی کے کے مختلف علاقوں سے ہے جبکہ ملزمان کے خلاف پاسپورٹ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔