ایک نیوز: مغربی کنارے میں ایک تیز رفتار ٹرک نے چیک پوسٹ پر اسرائیلی فوجیوں کو کچل ڈالا جس کے نتیجے میں ایک اہلکار موقع پر ہی ہلاک ہوگیا جب کہ دو ہسپتال میں زندگی اورموت کی کشمکش ہیں۔
غیرملکی میڈیاکے مطابق مغربی کنارے کی سرحد پر بنی چیک پوسٹ پر اسرائیلی فوجیوں نے ایک ٹرک کو رکنے کا اشارہ کیا لیکن ٹرک رکنے کے بجائے انہیں کچلتے ہوئے گزر گیا۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان نے1 اہلکار کی ہلاکت اور2 کے شدید زخمی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ٹرک ڈرائیور کو تعاقب کے بعد گرفتار کرنے کی کوشش کی لیکن اس نے مزاحمت کی۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان کے مطابق ٹرک ڈرائیور کی مزاحمت پر فوج کو اپنے دفاع میں فائرنگ کرنا پڑی جس کے نتیجے میں41 سالہ فلسطینی ٹرک ڈرائیور بھی ہلاک ہوگیا۔
41 سالہ فلسطینی ٹرک ڈرائیور کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔ جو اسرائیل میں کام کرنے کا پرمٹ بھی رکھتا تھا اور فلسطین سے اسرائیل تجارتی سامان کی ترسیل کیا کرتا تھا۔
واضح رہے کہ فلسطین میں رواں برس 250 سے زائد نوجوان اسرائیلی جارحیت میں شہید ہوگئے جب کہ 28 اسرائیلی بھی مارے گئے۔