ایک نیوز:جنوبی افریقا کے شہر جوہانسبرگ میں5 منزلہ عمارت میں آگ لگنے سے7بچوں سمیت73 افراد ہلاک اور52افراد زخمی ہو گئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق جوہانسبرگ میں عمارت میں لگنے والی آگ پر قابو پا لیا گیا ہے ، انتظامیہ کی جانب سے آگ لگنے کی وجوہات کا تعین کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق عمارت میں آگ لگنے کے واقعے میں73 افراد ہلاک اور52 زخمی ہوئے، ہلاک ہونے والوں میں7 بچے بھی شامل ہیں۔
جوہانسبرگ ایمرجنسی مینجمنٹ سروس کے ترجمان کے مطابق مقامی وقت کے مطابق رات ڈیڑھ بجے عمارت میں آگ لگی جس نے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
ایمرجنسی حکام کے مطابق50 کے قریب متاثرہ افراد کو طبی امداد فراہم کی گئی اور عمارت میں ریسکیو آپریشن جاری ہے اور ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا بھی خدشہ ہے۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ متاثرہ عمارت میں بے گھر افراد رہائش پزیر تھے اور آتشزدگی کے وقت تقریباً200 افراد عمارت کے اندر موجود تھے۔
سربراہ ایمرجنسی مینجمنٹ سروس رابرٹ ملاودزی کا کہنا ہے کہ میں نے اپنے20 سالہ پروفیشنل کیرئیر میں ایسی خوفناک آتشزدگی نہیں دیکھی، ریسکیو اہلکار5 منزلہ عمارت کے ہر فلور پر آپریشن کر رہے ہیں کیونکہ اندر مزید لوگ بھی پھنسے ہو سکتے ہیں۔