امریکی قونصل جنرل کی مزار قائد حاضری، بانی پاکستان کو خراج عقیدت

Sep 01, 2022 | 17:46 PM

ایک نیوز نیوز: کراچی میں مقرر امریکی قونصل جنرل نکول ٹیریو نے قائداعظم محمد علی جناح کے مزار پر حاضری دی اور بانی پاکستان کو خراج عقیدت پیش کیا۔ قونصل جنرل ٹیریو نے مزار قائد پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور مہمانوں کیلئے تاثراتی کتاب پر امریکی سفارتخانے کی جانب سے اپنے تاثرات درج کیے۔

قونصل جنرل نکول ٹیریو نے مہمانوں کی کتاب پر تاثرات درج کرتے ہوئے کہا کہ " مزار قائد کا دورہ اور بانی پاکستان محمد علی جناح کے عظیم ورثے کو یاد کرتے ہوئے خراج عقیدت پیش کرنا باعث فخر ہے۔ امریکا بانی پاکستان محمد علی جناح کے متحد اور جمہوری پاکستان کے اعلی مقصد سے متفق ہے اور اسے نہایت احترام کی نگاہ سے دیکھتا ہے، جس میں برابری، سماجی انصاف اورمعاشی مواقع میسرہوں اور پاکستان کی بنیادیں انہی اقدار پر جُڑیں تھیں اور یہی اقدارہمیں یکساں عزیز ہیں۔"

قونصل جنرل نکول ٹیریو نے بعد میں پاکستان کے پہلے وزیراعظم لیاقت علی خان اور قائد اعظم کی ہمشیرہ محترمہ فاطمہ جناح کے مزارات پر حاضری دی۔ اس کے بعد انہوں نے ملحقہ میوزیم کا دورہ بھی کیا اور قائداعظم محمد علی جناح کی زندگی سے متعلق نوادرات کو سراہا۔

قونصل جنرل ٹیریو نے کہا کہ امریکہ کو پاکستان بھرمیں انسانی جانوں، زراع معاش اور گھروں کے تباہ کن نقصانات پر شدید دکھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی عوام پاکستان بھر میں سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی مدد کرنے کے لئے پر عزم ہیں۔ 

انہوں نے پاکستان کے برسات اور سیلاب متاثرین کی امداد کے لئے امریکی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کی یکجہتی کے جذبے کے تحت، امریکہ نے امریکی ایجنسی برائے بین الاقوامی ترقی کے ذریعے 30 اگست کو پاکستان میں شدید سیلاب سے متاثر ہونے والے لوگوں کی مدد کے لیئے 30 ملین ڈالر کی اضافی امداد کا اعلان کیا۔ اس سے پہلے اگست کے اوائل میں امریکا کی جانب سے سیلاب متاثرین کے لیئے 1.1 ملین ڈالر کی گرانٹ اور پروجیکٹ سپورٹ بھی فراہم کی گئی تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ سب سے زیادہ متاثر ہونے والے افراد تک براہ راست امداد پہنچ سکے، تاکے ان لوگوں پر سیلاب کے اثرات کو کم کرنے میں مدد فراہم ہو سکے۔

مزیدخبریں