نو ویکسین، نو سروس فارمولے پر عمل شروع ، پیٹرول بھی سرٹیفکیٹ سے مشروط

Sep 01, 2021 | 12:11 PM

admin
لاہور: پنجاب میں نو ویکسین، نو سروس فارمولے پر عمل شروع ہو گیا، اب پٹرول اسے ملے گا ، جو کورونا ویکسی نیشن کا ثبوت دے گا ، ضلعی انتظامیہ لاہور نے پٹرول پمپس پر ویکسین سرٹیفکیٹ چیک کرنا شروع کر دیئے ۔

لاہور سمیت پنجاب میں ویکسین نہ لگوانے والے شہریوں کو ٹرانسپورٹ میں جگہ نہیں ملے گی۔ ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ کے بغیر کوئی شہری سفر بھی نہیں کر سکے گا۔ اسی طرح کوئی ڈرائیور گاڑی بھی اڈے سے نہیں نکال سکے گا۔ صرف کورونا ویکسین کی پہلی ڈوز لگوانے والوں کو سفر کی اجازت ہوگی۔ عمل در آمد کے لیے ٹرانسپورٹرز کو بھی ہدایات جاری کر دی گئیں۔


ویکسین نہ کروانے والے پولیس افسران اور اہلکار بھی ریڈار پر آگئے۔ سی سی پی او لاہور نے ویکسین نہ لگوانے والوں کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کاروائی کا حکم دے دیا۔ غلام محمود ڈوگر نے کہا کہ ویکسین نہ کروانے والے اہلکاروں کے خلاف مقدمات بھی درج ہوں گے۔

کورونا ویکسی نیشن نہ کروانے والے لیسکو ملازمین کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا گیا۔ لیسکو انتظامیہ نے ویکسین نہ کروانے والے تمام ملازمین کی ماہ اگست کی تنخواہیں روک لیں۔ ویکسین نہ کروانے والے متروکہ وقف املاک بورڈ کے 5 سو سے زائد ملازمین بھی تنخوا سے محروم رہیں گے۔ ایڈمن برانچ نے سرٹیفکیٹ جمع نہ کروانے پر اگست کی تنخواہیں روکنے کا مراسلہ جاری کر دیا۔

مزیدخبریں