ویب ڈیسک: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ ہمیں ابھی تک پارلیمانی رہنماؤں کے اجلاس میں شرکت کا دعوت نامہ نہیں ملا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر علی خان کا کہنا تھا کہ پارلیمانی رہنماؤں کے اجلاس میں شرکت کا دعوت نامہ آئے گا تو ہم اجلاس میں شریک ہوں گے، حکومت نے آپریشن کی بات کی تو ہم نے ہی ان کیمرا بریفنگ کی تجویز دی تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم اپنے ارکان اسمبلی کی حفاظت کر رہے ہیں، اگر پارلیمان کو آگے لے کر جانا ہے تو کسی صورت میں اس طریقے سے آئینی ترمیم نہیں ہونی چاہئے۔
واضح رہے کہ سپیکر سردار ایاز صادق نے قومی اسمبلی اور سینیٹ کے پارلیمانی رہنماؤں کا اہم اجلاس 2 اکتوبر کو پارلیمنٹ ہاؤس میں طلب کررکھا ہے، اجلاس میں بلوچستان اور خیبرپختونخوا کی سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دی جائے گی۔
اجلاس میں اعلیٰ سول و عسکری حکام پارلیمانی رہنماوں کو سکیورٹی صورتحال پر بریفنگ دیں گے، قومی اسمبلی اور سینیٹ کے پارلیمانی رہنماؤں پر مشتمل اجلاس ان کیمرا ہوگا۔