ایک نیوز: ڈپازٹ پروٹیکشن کارپوریشن کی جانب سے گارنٹی کی رقم بڑھا کر 10لاکھ روپے تک کر دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈپازٹ پروٹیکشن کارپوریشن (ڈی پی سی) نے اپنے رکن بینکوں کے تمام اہل ڈپازٹرز کےلیے گارنٹی کی رقم5 لاکھ روپے سے بڑھا کر یکم اکتوبر 2024 ء سے 10 لاکھ روپے کردی ہے ، فیصلہ کارپوریشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی جانب سے کیا گیا ہے۔
گارنٹی کی اس رقم سے اب تقریباً 96 فیصد اہل ڈپازٹرز کو مکمل تحفظ مل جائے گا ، ڈپازٹ پروٹیکشن اسکیم کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ ڈپازٹرز کے مفادات کا تحفظ کیا جائے اور بینکاری شعبے پر ان کے اعتماد میں مزید اضافہ کیا جائے ،اس طرح ملک میں مالی استحکام کو بھی مدد ملے گی ۔
ڈپازٹ پروٹیکشن کی سہولت تمام اہل ڈپازٹرز پر لاگو ہوتی ہے اور اس کے لیے ڈپازٹرز سے کوئی فیس نہیں لی جاتی ، گارنٹی کی رقم یا محفوظ شدہ ڈپازٹ صرف اس صورت میں قابل ادائیگی ہوتا ہے جب اسٹیٹ بینک آف پاکستان کسی بینک کو ناکام بینک قرار دیتا ہے ،اس کے سوا کسی اور حالت میں یہ رقم قابل ادائیگی نہیں ہوتی ہے۔