ایک نیوز: شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی ہدایت پر کسی احتجاج میں کوئی ایم این اے شرکت نہیں کرے گا ۔
تفصیلات کےمطابق سیکرٹری اطلاعات پاکستان تحریک انصاف شیخ وقاص اکرم نے صحافیوں سے ملاقات میں غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہاہے کہ پی ٹی آئی کے تمام ایم این ایز کے ساتھ رابطے میں ہوں ، تمام ممبران قومی اسمبلی محفوظ ہیں ، بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی ہدایت پر کسی احتجاج میں کوئی ایم این اے شرکت نہیں کرے گا ، ہمارے تمام ممبران قومی اسمبلی محفوظ مقام پر منتقل ہوگئے ہیں، آئینی ترمیم اور آرٹیکل 63 والے معاملات جب تک کسی سمت نہیں بیٹھتے تب تک ممبران قومی اسمبلی انڈر گراؤنڈ رہیں گے ۔
انہوں نے کہا ڈی چوک احتجاج سے متعلق بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے وزیر اعلی ٰخیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کو ذمہ داری دی ہے، وہی اس احتجاج کا باقاعدہ اعلان کریں گے، فیصل آباد ، میانوالی میں بڑا احتجاج ہونے جارہا ہے، ملتان میں کرکٹ میچ کی وجہ سے بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے احتجاج ملتوی کیا، قومی اسمبلی اور سینیٹ کے پارلیمانی رہنماوں کا اجلاس میں بلایا گیا تو ملکی مفاد میں ضرور شرکت کریں گے،بانی چیئرمین پی ٹی آئی نے پہلے بھی قومی مفاد میں اے پی سی میں شرکت کرنے کی ہدایت کی تھی ۔
شیخ وقاص اکرم کا مزید کہناتھا چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کو ہٹانے سے متعلق تمام خبریں نے بنیاد ہیں، پارٹی کے اندر سے جنہوں نے یہ بات پھیلائی ان کا تعین کرلیا گیا ہے اور انہیں محتاط رہنے کی تلقین کی گئی ہے ۔