ایک نیوز : ملک بھر میں سال2023کی دوسری قومی انسداد پولیو مہم کاآغاز کل سے ہوگا۔
وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے 2023 کی دوسری قومی انسداد پولیو مہم کا افتتاح کر دیا۔قومی انسداد پولیو مہم میں 4.3 کروڑ بچوں کو ویکسین دی جائے گی، پولیو کا کوئی علاج نہیں صرف پولیو ویکسین ہی بچوں کو مستقل معذوری سے بچا سکتی ہے۔
ڈاکٹر ندیم جان کا کہنا ہے کہ والدین ،سول سوسائٹی، اساتذہ، علماء کرام، مذہبی سکالرز پولیو کے خاتمے کیلئے اپنے کردار ادا کریں،پولیو کا خاتمہ ہماری قومی غیرت اور عزت کا سوال ہے۔افغانستان اور پاکستان سے پولیو کا خاتمہ ممکن نہیں ہو سکا ، ہم پولیو کے خاتمے کے قریب آچکے ہیں،پولیو کے خاتمے کی جنگ والدین کی مدد کے بغیر نہیں جیتی جاسکتی ہے۔پولیو رضا کار جب آپ کی دہلیز پر آئیں تو ان کے ساتھ بھر پور تعاون کریں، پولیو کے خاتمے کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت کام کیا جارہا ہے،وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے سدرن کے پی میں چوٹی کے آفیسرز تعینات کیے ہیں ۔
ایک رپورٹ میں عالمی ادارہ برائے صحت کی پولیو ایمرجنسی کمیٹی نے پاکستان اور افغانستان میں پولیو کے پھیلاؤ پر تشویش کا اظہارکیا تھا۔
ایمرجنسی کمیٹی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں پولیو کے پھیلاؤ کا خطرہ تاحال برقرار ہے، پاکستان میں اب بھی بچوں کی ایک بڑی تعداد پولیو کے قطرے پینے سے محروم ہے۔