میڈیا رپورٹس کے مطابق عالمی نمائش کے موقع پرامارت دبئی نے شہر کے ارد گرد تین مقامات فریم، دبئی فیسٹیول سٹی اور پام جمائرہ پر آتش بازی کا اہتمام کیا۔دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمدآل مکتوم نے رنگا رنگ افتتاحی تقریب کا آغاز کیا، حاکم دبئی شیخ محمد بن راشد آل مکتوم اور ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید بھی اس تقریب میں شریک تھے۔
افتتاحی تقریب دنیا کی سب سے بڑی 360 ڈگری پروجیکشن سکرین کے ذریعے دکھائی گئی ہے۔ یہ الوصل پلازا کے 130 میٹر چوڑے اور 67.5 میٹرطوی گنبد کے نیچے منعقد کی گئی۔یہ تقریب یو اے ای اور دنیا بھر کے دیگر ممالک میں 430 مقامات پر لائیو دکھائی گئی۔
ایکسپو چھ مہینے تک جاری رہے گی جس میں دنیا بھر کے ممالک اپنی اپنی پویلین کے ذریعے اپنے آرٹ، کلچر اور ایجادات کو دنیا کے سامنے پیش کریں گے۔دبئی ایکسپو 2020 میں موسمیاتی تبدیلی، انسانی رہائش گاہوں کو زیادہ پائیدار بنانے، ڈیجیٹل تقسیم ختم کرنے، تعلیم کا مساوی حق اور صحت جیسے اہم عالمی مسائل پر تبادلہ خیال کریں گے،ایکسپو میں متحدہ عرب امارات سمیت مختلف ممالک کے الگ الگ پویلین تیار کیے گئے ہیں۔
دبئی ایکسپو 2020 میں پاکستان کا پویلین بھی قائم کیا ہے جس کا موضوع "پاکستان ایک پوشیدہ خزانہ” ہے، 3 ہزار 200 مربع میٹر پر محیط ہے ،اور جس کی لاگت 2 کروڑ 14 لاکھ ڈالر ہے۔پاکستانی پولین ایک بڑے ہجوم کی توقع کر رہا ہے جہاں پاکستانی تاریخ ، ثقافت اور روایات پر روشنی ڈالی جائے گی اور تجارت ، سرمایہ کاری اور سیاحت کو فروغ دیا جائے گا۔