آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی صدر آذربائیجان سے ملاقات، تعاون بڑھانے پراتفاق

آرمی چیف کی صدر آذربائیجان سے ملاقات، تعاون بڑھانے پراتفاق
کیپشن: Army chief met with President of Azerbaijan, agreed to increase cooperation

ایک نیوز :آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی صدر آذربائیجان سے ملاقات، دوطرفہ تعاون بڑھانے پراتفاق ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف،صدر آذربائیجان ملاقات میں عالمی سطح پر دونوں ممالک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر گفتگو کی گئی اور دونوں ریاستوں اور مسلح افواج کے درمیان باہمی تعاون کو نئی سطح تک بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
جنرل سٹاف ہیڈ کوارٹرز آمد پر آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا پُرتپاک استقبال اور گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
 آرمی چیف نے آذربائیجان کے صدر، وزیر دفاع، چیف آف جنرل سٹاف، ایئرفورس کمانڈر سے بھی ملاقاتیں کیں۔
جنرل عاصم منیر نے آذربائیجان کی مسلح افواج کی آپریشنل تیاریوں اور حوصلے کو سراہا، ملاقاتوں میں دونوں ریاستوں اور مسلح افواج کے درمیان باہمی تعاون کو نئی سطح تک بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا گیا، آذربائیجان کی سیاسی اور عسکری قیادت نے پاکستان کی طرف سے مسلسل حمایت کو سراہا۔
ملاقات کے دوران آذربائیجان کے صدر الہام علیوف نے کہا کہ دونوں ممالک میں مختلف شعبوں میں دوستانہ تعلق کامیابی سے فروغ پا رہا ہے، ان تعلقات میں میں فوجی تعاون بھی شامل ہے۔


 آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کاکہنا تھاکہ دفاعی صنعت میں آذربائیجان اور پاکستان کے درمیان کامیاب تعاون قابل تحسین ہے، انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ فوجی تربیت کا انعقاد اہمیت رکھتا ہے۔
صدر الہام علیوف کا کہنا تھا کہ آذربائیجان جموں و کشمیر کے معاملے پر ہمیشہ برادر ملک پاکستان کی حمایت کرتا ہے، آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا دورہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔