شیل کمپنی کا اکثریتی شیئرز سعودی کمپنی کو فروخت کرنے کافیصلہ 

Nov 01, 2023 | 21:30 PM

ایک نیوز ،شیل پیٹرولیم کمپنی لمیٹڈ  نے پاکستان میں اپنے 77.42فیصد اکثریتی شیئرز سعودی کمپنی وافی انرجی کو فروخت کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

شیل پیٹرولیم کمپنی لمیٹڈ نےایک بیان میں کہا ہے کہ اس نے شیل پاکستان لمیٹڈ میں اپنے 77.42 فیصد اکثریتی شیئرز سعودی کمپنی وافی انرجی کو فروخت کرنے کا فیصلہ کیا توقع ہے کہ ریگولیٹری منظوریوں سے مشروط یہ فروخت 2024 کی چوتھی سہ ماہی تک مکمل ہو جائے گی۔

شیل کا کہنا ہے کہ یہ پیش رفت اس کی حکمت عملی کا حصہ ہے جس کا مقصد موبلیٹی نیٹ ورک کو ہائی گریڈ کرنا ہے اور اس کا اعلان پہلی بار جون 2023 میں کیپٹل مارکیٹس ڈے پر کیا گیا تھا۔ اس معاہدے کے بعد شیل برانڈ پاکستان میں برانڈ لائسنسنگ معاہدوں کی مدد سے قائم رہے گا اور صارفین کی رسائی شیل کے پریمیم فیول اور لبریکینٹ پورٹ فولیو تک ممکن رہے گی۔

وافی انرجی سعودی عرب میں ایندھن کی خوردہ فروش تنظیم اسیاد ہولڈنگ گروپ کی مکمل ملکیت ہے، جو سعودی عرب میں ایک سرکردہ فیول ریٹیلر کا مقام رکھتا ہے اور اس نے گذشتہ سال سعودی عرب میں شیل برانڈ کے تحت موبیلیٹی سائٹس آپریٹ کرنے کے لیے لائسنس کے معاہدے پر دستخط کیے تھے۔

یہ اقدام شیل کی جانب سے اپنے عالمی آپریشنز کے بارے میں متعدد اعلانات کے بعد سامنے آیا تھا اور شیل پاکستان کو 2022 میں ملک کے مالی بحران اور معاشی سست روی کی وجہ سے پاکستانی روپے کی قدر میں کمی اور واج7ب الادا وصولیوں کی وجہ سے نقصانات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

شیل پاکستان کے آپریشنز میں 600 سے زائد موبلٹی سائٹس، 10 فیول ٹرمینلز، ایک لبریکینٹ آئل بلینڈنگ پلانٹ اور پاک عرب پائپ لائن کمپنی لمیٹڈ میں 26 فیصد حصص شامل ہیں۔

وافی انرجی نے ایک بیان میں کہا کہ یہ معاہدہ وافی انرجی کی اپنے کاروباری مفادات اور سرمایہ کاری کو وسعت دینے کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔

مزیدخبریں